• news

ٹیسٹ سیریز : قومی ٹیم کی آج جنوبی افریقہ روانگی‘ کھلاڑی کامیابی کیلئے پرعزم


لاہور (کامرس رپورٹر+نیوز ایجنسیاں) ساﺅتھ افریقہ کے خلاف تین ٹیسٹ میچوں کی سریز کھیلنے قومی کرکٹ ٹیم اتوار کی صبح جوہانسبرگ روانہ ہوگی۔ بیٹنگ کوچ انضمام الحق ٹیم کے ساتھ نہیں ہوں گے۔پاکستان اور جنوبی افریقی ٹیم کے خلاد پہلا ٹیسٹ میچ یکم فروری کو جوہانسبرگ میں کھیلا جانا ہے۔مصباح الحق کی قیادت میں 16 رکنی قومی کرکٹ ٹیم اتوار کی صبح 9 بجے لاہور سے براستہ دبئی ساﺅتھ افریقہ جائے گی۔ ذرائع کے مطابق ہیڈ کوچ ڈیو واٹمور اور بیٹنگ کنسلٹنٹ انضمام الحق کے درمیان سلیکشن کے معاملات پر اختلافات پر ہیڈ کوچ انضمام کو ساﺅتھ افریقہ لے جانے کے حق میں نہیں۔ جس کے بعد قومی کرکٹ ٹیم کے بیٹنگ کنسلٹنٹ انضمام الحق اس بار فیلڈنگ، باﺅلنگ اور ہیڈ کوچ کے برعکس پاکستان میں ہی رہیں گے۔دوسری جانب ساﺅتھ افریقہ کیلئے قومی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کا کوئی کیمپ نہیں لگایا گیا۔ کھلاڑیوں نے ڈومیسٹک کرکٹ میں حصہ لے کر انفرادی پریکٹس میں خود کو مصروف رکھا ہوا ہے جبکہ قومی کرکٹ ٹیم کو ٹیسٹ سیریز سے قبل 25 جنوری کو ساﺅتھ افریقہ میں ایک پریکٹس میچ بھی کھیلنا ہے۔ مایہ ناز آف سپنر سعید اجمل جنوبی افریقہ کے خلاف بہترین کارکردگی کے لئے پرعزم ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ دورہ میں زیادہ سے زیادہ وکٹیں حاصل کرکے پاکستان کی جیت میں اہم کردار ادا کریں گے۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ جنوبی افریقہ کو ہوم گراﺅنڈ اور کراﺅڈ کا ایڈوانٹج حاصل ہوگا لیکن ہماری ٹیم متوازن ہے اور دنیا کی کسی بھی ٹیم کو شکست دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں سعید اجمل نے کہا کہ فیصل آباد میں ان کی کرکٹ اکیڈمی کا ابھی تک افتتاح نہیں ہوا بلکہ انہوں نے فیصل آباد میں صرف اکیڈمی کے بارے میں پریس کانفرنس کی تھی۔ دورہ جنوبی افریقہ اور پاکستان سپر لیگ کے انعقاد کے بعد وہ اکیڈمی کا افتتا ح چیئرمین پی سی بی چوہدری ذکاءاشرف سے کروائیں گے۔ اکیڈمی کے افتتاح سے قبل فیصل آباد میں پی سی بی الیون اور قومی کرکٹ ٹیم الیون کے مابین میچ ہوگا جسے براہ راست دکھانے کا ایک چینل نے وعدہ کیا ہے۔ فاسٹ باﺅلر جنید خان نے کہا ہے کہ جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز میں اس کے ٹاپ فائیو بیٹسمین نشانے پر ہوں گے، وڈیواینالسٹ کی مدد سے حریف ٹیم کے بلے بازوں کی خامیوں کا جائزہ لے رہا ہوں امید ہے یہ میرے لئے فائدہ مند ثابت ہو گا۔ دورہ بھارت کے دوران عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے سے اعتماد بڑھا ہے اور اب تمام تر توجہ جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز پر مرکوز ہے، پروٹیز ٹیم میں ورلڈ کلاس بلے باز ہیں، کوشش ہو گی کہ عمدہ باﺅلنگ کا مظاہرہ کر کے ٹیم کو فتوحات دلاﺅں۔

ای پیپر-دی نیشن