• news

فکسنگ میں ملوث کھلاڑیوں سے تمام اعزازات واپس لئے جائیں : صادق محمد


لاہور (اے پی پی) سابق ٹیسٹ کرکٹر صادق محمد نے کہا ہے کہ انتہاپسند ہندو تنظیم کی دھمکیوں کی وجہ سے قومی ہاکی کھلاڑیوں کا انڈین ہاکی لیگ کھیلے بغیر بھارت سے واپس آنے اور اب قومی ویمن کرکٹ ٹیم کو ملنے والی دھمکیوں سے بہت مایوسی ہوئی ہے، کھیلوں میں سیاست کا عمل دخل نہیں ہونا چاہئے۔ خصوصی گفتگو کرتے ہوئے صادق محمد نے کہاکہ ممبئی ہندو انتہاپسند تنظیم شیو سینا کا گڑھ ہے اور وہاں پر پاکستانی ویمن کرکٹ ٹیم کے میچز رکھنا بی سی سی آئی اور آئی سی سی کی غلطی ہے۔ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے بنگلہ دیش کرکٹ لیگ کے لئے پاکستانی کھلاڑیوں سے ڈائریکٹ رابطہ کرکے غلطی کی تھی، انہیں پی سی بی کے ذریعے کھلاڑیوں سے رابطہ کرنا چاہئے تھا۔ بنگلہ دیش کی کرکٹ ٹیم دو دفعہ دورہ پاکستان کا وعدہ کرکے اپنے وعدہ سے پھر گئی اور پاکستانی کھلاڑیوں کو بنگلہ دیش کرکٹ لیگ کے لئے این او سی نہ دیکر پی سی بی کے چیئرمین چوہدری ذکاءاشرف نے اصولی فیصلہ کیا ہے۔ صادق محمد نے میچ فکسنگ کے معاملات میں ملوث کھلاڑیوں کے خلاف سخت ایکشن لینے پر زور دیتے ہوئے کہاکہ اگر کسی کھلاڑی کے خلاف فکسنگ کا ثبوت مل جاتا ہے تو نہ صرف اس کے کرکٹ کے تمام اعزازات واپس لے لئے جائیں اور ملک کی عزت کو بیچنے والے سے ملک کا پاسپورٹ بھی واپس لے لیا جائے۔ چند سکوں کے لئے ملک کی بدنامی کا باعث بننے والے کرکٹر کو کسی صورت بھی ملک کی نمائندگی کا حق دار نہیں ہونا چاہئے۔

ای پیپر-دی نیشن