• news

ڈرامہ مارچ کے بعد ”شیخ الاسلام“ کا رخ رائے ونڈ کی طرف ہو گیا: ساجد میر

لاہور (سٹاف رپورٹر) مرکزی جمعیت اہل حدیث کے سربراہ پروفیسر ساجد میر نے کہا ہے کہ ڈرامہ مارچ کے بعد ”شیخ الاسلام“ کی توپوں کا رخ اپوزیشن اور رائے ونڈ کی طرف ہو گیا، طاہر القادری کی شکل میں آصف علی زرداری کو نیا ترجمان مبارک ہو۔ اسمبلیوں، حکومت کے فوری خاتمے اور الیکشن کمشن کی ازسرنو تشکیل کے مطالبات پورے نہ ہونے پر وہ حواس باختہ ہو گئے ہیں۔ ملک کو غیر سنجیدہ سیاسی اور مذہبی بہروپیوں کی چراگاہ نہیں بننے دینگے۔ علماءکے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دائیں بازو کی تمام قوتوں کے اتحاد کا وقت آ گیا ہے، لانگ مارچ اور دھرنوں کے ذریعے اپنی حیثیت اور مطالبات بزور تسلیم کرانے کی مثال قائم کی گئی جس کے مستقبل میں انتہائی سنگین نتائج مرتب ہو سکتے ہیں۔ کل کو کوئی بھی شخص یا گروہ مذہبی اور لسانی بنیادوں پر لانگ مارچ اور دھرنے کی صورت میں اقتدار کے ایوانوں کا گھیراﺅ کریگا اور حکمرانوں سے کوئی بھی بات منوا لے گا چاہے وہ ملک کی سلامتی اور قومی مفادات کے تقاضوں کے منافی ہی کیوں نہ ہو۔

ای پیپر-دی نیشن