کنٹرول لائن پر کشیدگی، پونچھ اور راولا کوٹ تجارت شروع نہ ہوسکی وزیر تجارت امین فہیم نے بھی بھارت کا دورہ منسوخ کردیا
راولاکوٹ/ اسلام آباد (آن لائن) جموں کشمیر میں کنٹرول لائن پر پاک بھارت فوجیوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے کے واقعات اور دو پاکستانی فوجیوں کی شہادت کے بعد صورتحال پُرامن ہونے کے باوجود پونچھ اور راولا کوٹ روڈ پر کسی قسم کی تجارت شروع نہیں ہوسکی اور اس کشیدگی کے باعث وزیر تجارت مخدوم امین فہیم نے بھی اپنا بھارت کا دورہ منسوخ کردیا ہے۔ کنٹرول لائن پر چھکن داباغ میں تجارت کے انچارج عبدالحمید نے بتایا دونوں ملکوں کے تاجر فی الحال تجارت بحال نہ کرنے پر اتفاق کر چکے ہیں کیونکہ انہیں ابھی تک حکومت کی طرف سے کوئی ہدایات نہیں ملیں۔ تاجروں نے بتایا کہ کنٹرول لائن پر بھارتی فائرنگ سے پاکستانی فوجیوں کی شہادت اور کئی مقامی لوگوں کے زخمی ہونے کے بعد یہاں مقیم لوگوں میں تشویش بھی پائی جاتی ہے۔ دوسری جانب مخدوم امین فہیم نے بھارت کا دورہ منسوخ کردیا ہے وہ تجارتی اداروں کے سربراہ اجلاس کیلئے بھارت جارہے تھے۔ امین فہیم نے میڈیا کو بتایا وہ حکومت اور ڈاکٹر طاہر القادری کے درمیان ہونے والے سمجھوتے میں اہم فریق ہیں اور انہیں 27 جنوری کو تحریک منہاج القرآن کے لاہورمیں مرکزی سیکرٹریٹ جانا ہے جہاں ان کے مطالبات پر بات چیت ہونا ہے اس لئے وہ بھارت نہیں جاسکتے تاہم دیگر سرکاری ذرائع نے اس کی وجہ پاک بھارت کشیدگی بتایا ہے۔ تاجروں کی یہ سربراہ کانفرنس 27 سے 29 جنوری تک آگرہ میں ہورہی ہے۔