”سیلاب متاثرین کی مدد کے لئے 10 خط لکھے‘ جواب نہیں آیا“ وزیراعلیٰ سندھ ‘ وزیراعظم سے ناراض
سکھر+ کراچی (نامہ نگار/نوائے وقت رپورٹ) وزیراعلی سندھ قائم علی شاہ وزیراعظم راجہ پرویز اشرف سے ناراض ہو گئے۔ نجی ٹی وی کے مطابق سندھ میں سیلاب متاثرین کی امداد کے لئے دس خط لکھے لیکن کوئی جواب نہ آیا جس پر قائم علی شاہ وزیراعظم سے ناراض ہو گئے۔ نامہ نگار کے مطابقوزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ نے کہا ہے نگراں حکومت تمام جماعتوں کے صلاح مشورے سے بنائی جائے گی عام انتخابات مقررہ وقت پر ہوں گے۔ صدر آصف علی زرداری انتخابات کی تاریخ کا اعلان کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سکھر میں سادھو بیلہ اور زیرو پوائنٹ کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا بارش متاثرین کے لئے 2 ارب روپے وفاقی حکومت کی جانب سے نہیں ملے۔ انہوں نے کہا سندھ میں امن و امان کی صورتحال بہتر ہورہی ہے۔ پی پی حکومت نے اپنے دور اقتدار میں سندھ میں بہت ترقیاتی کام کرائے اور بے روزگار نوجوانوں کو روزگار فراہم کیا گیا۔ آن لائن کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ نے کہا نواز شریف اور پیر پگاڑا اتحاد کریں مگر پیر پگاڑا ہمارے آدمی ہیں وہ ہمارے مہربان ہیں پیر پگاڑا سے کسی بھی وقت بات چیت کرسکتے ہیں نواز شریف اور پیر پگاڑا ملکر الیکشن لڑتے ہیں تو یہ جمہوریت کا حصہ ہے۔