سندھ میں نئے اتحاد کا امکان، زرداری نے پگاڑا کو منانے کی ہدایت کردی
لاہور(فرخ سعید خواجہ) مسلم لیگ فنشکنل کے سربراہ پیر صاحب پگاڑا کی اپنے ساتھیوں اور اتحادیوں کے ساتھ جاتی عمرہ رائے ونڈ میں مسلم لیگ ن کے صدر اور ان کے ساتھیوں سے ملاقات میں نئے وسیع تر اتحاد کا امکان سندھ کی سیاست میں بھونچال لے آیا ہے۔ پیپلز پارٹی کے ذمہ دار ذرائع نے بتایا صدر زرداری نے اس صورت حال کا فوری نوٹس لیتے ہوئے پارٹی رہنماﺅں خورشید شاہ اور قائم علی شاہ کو ہدایت کی ہے کہ پیر صاحب پگاڑا کو ہر صورت منانے کی کوشش کریں۔ پیپلزپارٹی کے ذرائع کے مطابق اگرچہ وہ سندھ میں ناقابل شکست ہیں لیکن وہ چاہتے ہیں مسلم لیگی دھڑوں کے اتحاد کا راستہ روکا جائے۔ پیپلزپارٹی کے ایک اہم رہنما نے اپنا نام نہ بتانے کی شرط پر بتایا مسلم لیگ فنکشنل، مسلم لیگ ہمخیال اور مسلم لیگ ن سندھ میں اکٹھی مل کر پیپلزپارٹی کے لئے مشکلات پیدا کرسکتی ہیں۔ ذرائع کے مطابق پیپلزپارٹی کے ذمہ داران کے علاوہ گورنر سندھ عشرت العباد بھی پیر صاحب پگاڑا کے قریبی ساتھیوں کو منانے کے لئے کمر کس رہے ہیں۔ ادھر مسلم لیگ فنکشنل کے مرکزی سینئر نائب صدر سلطان محمود خاں ایڈووکیٹ اور سیکرٹری جنرل شیخ انور سعید نے بتایا پیر صاحب پگاڑا پیپلزپارٹی کی کسی چال میں نہیں آنے والے اور وہ مسلم لیگ کو ایک کرکے اپنے والد کی آرزو ضروری پوری کریں گے۔