ایبٹ روڈ آتشزدگی ‘ امدادی کارروائیاں 12 گھنٹے جاری رہیں‘ ہسپتالوں میں لواحقین کی دھاڑیں
لاہور (اپنے نمائندے سے+خبرنگار+ایجنسیاں) قلعہ گجر سنگھ کے علاقے میں شارٹ سرکٹ کے باعث لگنے والی آگ کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ رات گئے اچانک مقامی پلازہ میں آگ بھڑکنے کے باعث کمسن بچہ اور اسکی ماں سمیت 6 مزدور دم گھٹنے کے باعث ہلاک ہوئے تھے۔ ہسپتالوں کے باہر متوفیوں کے لواحقین دھاڑیں مار مار کر اپنے پیاروں کو یاد کرتے رہے، مرنے والوں میں 3 سالہ عبدالرحمن، یاسمین، سید امین زیدی، عبدالغفور، عدنان سمیت ایک نامعلوم شامل ہے جبکہ زخمیوں میں طارق حسنین اور عبدالغفار شامل ہیں۔ پولیس نے پلازہ مالک سمیت متعلقہ انتظامیہ کیخلاف مقدمہ درج کیا۔ امدادی کارروائیاں 12 گھنٹے سے زائد جاری رہیں جبکہ عینی شاہدین کے مطابق متعدد افراد نے چھلانگیں لگا کر جان بچائی۔32 سے زائد فائر بریگیڈ کی گاڑیوں نے امدادی کارروائیوں میں حصہ لیا۔اے پی اے/اے پی پی کے مطابق آتشزدگی کے باعث جھلس کر زخمی ہونےوالوں مےں سے 4افراد کی حالت تشوےشناک بتائی جاتی ہے۔رےسکےو اہلکاروں کا کہنا تھا آگ شارٹ سرکٹ کی وجہ سے لگی، واقعہ مےں متعدد زخمی ہوئے جنہےں امدادی ٹےموں نے مےو ہسپتال پہنچاےا۔ فائر بریگیڈ عمارتوں کے شیشے توڑ کر آگ بجھانے میں مصروف رہا جبکہ تینوں پلازوں میں موجود سپیئر پارٹس، ریگزین اور پلاسٹک سمیت کروڑوں روپے کا سامان جل کر راکھ ہوگیا۔ ریسکیو کی 16 گاڑیوں نے 43 افراد کو بحفاظت نکالا۔خبر نگار کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے ایبٹ روڈ پلازہ میں آتشزدگی کے نتیجے میں ہونے والے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور غم کا اظہار کیا ہے۔ اپنے تعزیتی پیغام میں انہوں نے دعا کی اللہ تعالیٰ مرحومین کو اپنے جوار رحمت میں جگہ دے اور لواحقین کویہ صدمہ حوصلے سے برداشت کرنے کی توفیق عطا کرے۔ مزید براں تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے بھی قیمتی جانوں کے ضیاع پرگہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا حکومت کو چاہئے حفاظتی انتظامات پر سختی سے عمل کرائے تاکہ آئندہ پلازوں اور مارکیٹوں میں ایسے ہولناک واقعات میں قیمتی جانوں کے ضیاع سے بچا جاسکے۔