• news

نگران سیٹ اپ: چوہدری نثار کی اپوزیشن سے دوبارہ مشاورت‘ محمود اچکزئی سے بھی ملاقات

اسلام آباد (محمد نواز رضا، وقائع نگار خصوصی) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف چودھری نثار علی خاں نے نگران سیٹ اپ کے لئے اپوزیشن جماعتوں کی قیادت سے دوبارہ مشاورت شروع کردی ہے۔ وہ اپوزیشن جماعتوں سے یہ رابطے رائے ونڈ میں اپوزیشن جماعتوں کے رہنماﺅں کے اجلاس کے بعد مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد نوازشریف کی ہدایت پر کر رہے ہیں۔ چودھری نثار نے اتوار کو پختونخوا ملی عوامی پارٹی کے صدر محمود خان اچکزئی سے خیبر پی کے ہاﺅس میں اہم ملاقات کی۔ انہوں نے محمود خان اچکزئی سے ملکی سیاسی صورت حال، بلوچستان کے حالات اور نگران وزیراعظم کی نامزدگی کے معاملہ پر بات چیت کی، باور کیا جاتا ہے چودھری نثار محمود خان اچکزئی کو نگران وزیراعظم کی ذمہ داری سنبھالنے پر آمادہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں جبکہ محمود خان اچکزئی عام انتخابات میں حصہ لینے پر اصرار کر رہے ہیں۔ بعض سیاسی جماعتوں کا کہنا ہے نگران وزیراعظم کے لئے محمود خان اچکزئی مضبوط اعصاب کے مالک ہونے کی وجہ سے سب جماعتوں کے لئے قابل قبول ہوں گے۔ قبل ازیں چودھری نثار اپوزیشن جماعتوں سے مشاورت کے بعد سپریم کورٹ کے سابق جج جسٹس (ر) ناصر اسلم زاہد اور جسٹس (ر) شاکر اللہ جان کے ناموں کو حتمی شکل دے چکے ہیں لیکن جسٹس شاکر اللہ جان کی ریٹائرمنٹ کے بعد 2 سال کی مدت ابھی پوری نہ ہونے کی وجہ سے نگران وزیراعظم نہیں بن سکتے، ان کی جگہ دوسرا نام محمود خان اچکزئی کا تجویز کیا جا سکتا ہے۔ چودھری نثار علی آج جمعیت علما اسلام (ف) کے امیر مولانا فضل الرحمن اور بدھ کو جماعت اسلامی کے امیر سید منور حسن سے ملاقات کریں گے۔ اپوزیشن جماعتوں سے رابطوں کے بعد اپوزیشن جماعتوں کا ایک اور مشترکہ اجلاس ہوگا جس میں اپوزیشن لیڈر نگران وزیراعظم کے لئے دو ناموں کو حتمی شکل دیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن