پاکستان بھارت ہاکی ٹیموں کے زیادہ مقابلے ضروری ہیں: اختر رسول
لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان ہاکی ٹیم کے کوچ اختر رسول کا کہنا ہے کہ یورپی ٹیموں کا مقابلہ کرنے کے لئے پاکستان اور بھارت کی ہاکی ٹیموں کے درمیان مقابلوں کا زیادہ سے زیادہ انعقاد ضروری ہے۔ ایشین چیمپئنز ٹرافی میں تمام کھلاڑیوں نے اچھا کھیل پیش کر کے پاکستان ٹیم کو چیمپئن بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔ مستقبل میں یورپی ٹیموں کا مقابلہ کرنے کے لیے کھلاڑیوں کو مزید محنت کرنی ہوگی۔ اختر رسول نے انتخابی حلقہ میں سیاسی سرگرمیاں شروع کرنے کےلیے تاجر برادری کی جانب سے دوحہ ایشین چیمپئنز ٹرافی کی فاتح ٹیم کے اعزاز میں استقبالیہ کا اہتمام کرایا جو سیاسی جلسے کا روپ دھار گیا۔ ریلی بھی نکالی گئی جس میں کوچ اور محد کھلاڑیوں کو کندھوں پر اٹھا کر ریلی کو سیاسی جلسے میں تبدیل کر دیا۔ کھلاڑیوں کے اعزاز میں دیئے گئے استقبالیہ میں قاسم ضیاءاور آصف باجوہ کو نہیں بلایا گیا تھا جس کی وجہ یہ تھی کہ قاسم ضیاءکا تعلق وفاق میں برسراقتدار حکمران جماعت پیپلز پارٹی سے ہے۔
جبکہ آصف باجوہ نے ذاتی مصروفیت کی بنا کر استقبالیہ میں شرکت سے معذرت کر لی تھی۔ استقبالیہ میں بھی ٹیم کے تمام کھلاڑیوں کو مدعو نہیں کیا گیا تھا۔