• news

محنت کشوں کیلئے سوشل سکیورٹی ہسپتال کے توسیعی منصوبے کی منظوری

جوہرآباد (نامہ نگار) ضلع خوشاب کے محنت کشوں کو علاج معالجہ کی اعلیٰ ترین سہولیات فراہم کرنے کیلئے محکمہ سوشل سکیورٹی حکومت پنجاب نے جوہرآباد میں پہلے سے قائم 25 بیڈ کے ہسپتال میں مزید 25 بیڈوں کے توسیع کی منظوری دے دی ہے اور اس پر کل لاگت کا تخمینہ ایک کروڑ 50 لاکھ روپے سے زائد لگایا گیا ہے اور اسی سلسلہ میں ہسپتال کی توسیع کیلئے کام کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ اس سلسلہ میں ایم ایس سوشل سکیورٹی ہسپتال ڈاکٹر عبداللہ جاوید نے اخبار نویسوں کو بتایا کہ ہسپتال میں توسیع کا منصوبہ عرصہ دراز سے التواءکا شکار تھا، تاہم کمشنر سوشل سکیورٹی کی خصوصی کاوش سے حکومت پنجاب نے منصوبہ کی حتمی منظوری دیتے ہوئے ابتدائی طور پر ایک کروڑ 32 لاکھ روپے کے فنڈز جاری کر دیئے ہیں اور توسیع کے کام کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہسپتال میں توسیع کے بعد ہر شعبہ میں سپیشلسٹ ڈاکٹروں کی تعیناتی کے ساتھ ساتھ نئے وارڈوں کی تعمیر، اعلیٰ درجے کی لیبارٹری اور جدید آپریشن تھیٹرز تعمیر ہوں گے جن سے ضلع خوشاب کے صنعتی اداروں میں کام کرنے والے ورکروں کو علاج معالجہ کی جدید سہولیات اپنے ہی شہر میں میسر ہوں گی، توسیع کے منصوبہ میں سپیشلسٹ ڈاکٹروں کی تعیناتی بھی عمل میں لائی جائے گی۔

ای پیپر-دی نیشن