2 رینٹل پاور جہازوں کی واپسی کے لئے ترک کمپنی کی عالمی ثالثی عدالت میں درخواست دائر
اسلام آباد (آئی این پی) ترکی کی توانائی پیدا کرنے والی کمپنی نے پاکستان میں رکے ہوئے اپنے دو رینٹل پاور جہازوں کی واپسی کے لئے عالمی ثالثی عدالت میں درخواست دائر کر دی۔کرادینیز انرجی نامی ترک کمپنی نے عدالت سے کراچی پورٹ ٹرسٹ میں کھڑے جہازوں کی واپسی کے لئے ثالثی کی درخواست کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی سیاسی صورتحال غیر یقینی ہے اس لئے کمپنی رینٹل پاور کے حوالے سے معاہدے کی منسوخی پر دونوں پاور جنریٹنگ شپس کی واپسی چاہتی ہے۔کمپنی کا کہنا ہے غیر یقینی سیاسی صورتحال کے باعث ان کے پاس اس کے علاوہ کوئی چارہ نہیں تھا کہ وہ اپنا معاملہ عالمی ثالثی عدالت میں لے جائے۔ اپوزیشن کے ایک رکن کی جانب سے رینٹل پاور پراجیکٹ پر اعتراضات کے بعد عدالت عظمی نے اس معاہدے کو منسوخ کر دیا تھا۔