• news

ایشین جونیئر سکواش چیمپئن شپ 20 فروری سے کوریا میں شروع ہو گی


اسلام آباد (اے پی پی) پاکستان سکواش فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل ونگ کمانڈر عبدالوہاب نے کہا کہ قومی ٹیم ایشین جونیئر سکواش چیمپئن شپ میں شرکت کرے گی، چیمپئن شپ 20 سے 24 فروری تک کوریا میں کھیلی جائے گی۔ عبدالوہاب نے کہا کہ ٹیم کے کھلاڑیوں کے چناﺅ کے لئے ٹرائلزگذشتہ دنوں ہوئے جن میں سے چار مرد اور چار خواتین کھلاڑیوں کو چیمپئن شپ کے لئے منتخب کیا گیا۔ مرد کھلاڑیوں میں طیب اسلم، عماد فرید، بلال ذاکر، علی بخاری جبکہ خواتین کھلاڑیوں میں ثمر انجم ، سعدیہ گل، رفعت اور فائزہ شامل ہیں اس کے علاوہ دومزید کھلاڑیوں کو تربیتی کیمپ میں سٹینڈ بائی رکھا گیا ہے۔ جن میں عاصم اور اسرار شامل ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ چیمپئن شپ کی تیاری کے سلسلہ میں کھلاڑیوں کا تربیتی کیمپ 19 فروری تک جاری رہے گا۔ تربیتی کیمپ کے دوران کھلاڑیوں کو قومی کوچ جمشید گل ترتیب دے رہے ہیں۔ ایشین جونیئر سکواش چیمپئن شپ میں پاکستان کی نمائندگی چار مرد اور چار خواتین کھلاڑی کریں گے۔

ای پیپر-دی نیشن