قائداعظم ٹرافی کا پانچواں مرحلہ‘ لاہور شالیمار کرکٹ ٹیم کو جیتنے کیلئے 106 رنز درکار
اسلام آباد (سپورٹس رپورٹر) قائداعظم ٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹ کے پانچویں مرحلے میں لاہور شالیمار اور راولپنڈی کے درمیان میچ دلچسپ مرحلے میں داخل ہوگیا، لاہور شالیمار کو جیت کے لئے 106 رنز اور راولپنڈی کو 7 وکٹیں درکار ہیں، بہاولپور نے حیدر آباد کے خلاف فالو آن کے بعد 89 رنز پر 6 وکٹیں گنوا دیں، ملتان کی ٹیم کراچی بلیوز کی پہلی اننگز 410 رنز کے جواب میں 363 رنز بنا کر آﺅٹ ہوگئی۔ تفصیلات کے مطابق میر پور کرکٹ سٹیڈیم میں میچ کے تیسرے روز راولپنڈی کی ٹیم اپنی دوسری اننگز میں 198 رنز بناکر آﺅٹ ہوگئی۔ اویس ضیاءنے 75 رنز بنائے، ضیاءالحق نے 5 اور اعزاز چیمہ نے 4 وکٹیں حاصل کیں۔ 240 رنز کے تعاقب میں کھیل ختم ہونے تک لاہور شالیمار نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 134 رنز بنا لئے اور اسے جیت کے لئے 106 رنز درکار ہیں۔ عمر اکمل 52 رنز بنا کر آﺅٹ ہوئے۔ بہاول سٹیڈیم میں بہاولپور کی ٹیم حیدر آباد کی پہلی اننگز 513 رنز کے جواب میں 194 رنز پر ڈھیر ہوگئی اور اسے فالو آن کا سامنا کرنا پڑا۔ ناصر اویس، نعمان علی اور زاہد محمود نے تین، تین وکٹیں حاصل کیں۔ فالو آن کے بعد بھی بہاولپور کی ٹیم حیدر آباد کے باﺅلر کو جم کر نہ کھیل سکی اور کھیل کے اختتام تک 89 رنز پر 6 وکٹیں گنوا دیں۔ ناصر اویس نے شاندار باﺅلنگ کا مظاہرہ کیا اور 4 وکٹیں حاصل کیں۔ ملتان کرکٹ سٹیڈیم میں ملتان کی ٹیم کراچی بلیوز کی پہلی اننگز 410 رنز کے جواب میں 363 رنز بناکر آﺅٹ ہوگئی، سعید انور جونیئر، شعیب مقصود، نوید یاسین اور رضوان حیدر نے نصف سنچریاں سکور کیں۔ تابش خان نے 4 اور مصباح خان نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔ کراچی بلیوز نے کھیل ختم ہونے تک بغیر کسی نقصان کے 6 رنز بنا لئے۔ ارباب نیاز سٹیڈیم، پشاور میں سیالکوٹ کی ٹیم پشاور کی پہلی اننگز 346 رنز کے جواب میں 269 رنز بنا کر آﺅٹ ہوگئی، نیئر عباس نے نصف سنچری سکور کی۔ آفاق احمد نے 4 اور زوہیب خان نے 3 کھلاڑیوں کو آﺅٹ کیا۔ پشاور نے کھیل ختم ہونے تک 2 وکٹوں کے نقصان پر 34 رنز بنا لئے۔