لال مسجد جوڈیشل کمشن میں مزید گواہوں کے بیانات قلمبند
اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت) لال مسجد جوڈیشل کمشن میں مزید گواہوں کے بیانات قلمبند جس میں کہا گیا ہے کہ سینکڑوں بے گناہ طلبہ و طالبات کا خون جنرل مشرف کے ذمہ ہے جس کا اسے حساب چکانا ہوگا۔ جماعت اسلامی کے رہنما ڈاکٹر فرید پراچہ، آصف لقمان قاضی اور ڈاکٹر سمیحہ راحیل قاضی سمیت دیگر رہنماﺅں نے گزشتہ روز وفاقی شریعت کورٹ کے لال مسجد و جامعہ حفصہ کمشن میں پیش ہو کر اپنے بیانات قلمبند کرائے، رہنماﺅں نے متحدہ مجلس عمل (ایم ایم اے) کے سانحہ لال مسجد فیکٹ فائنڈینگ کمشن کی رپورٹ ”قرطاس ابیض“ کمشن کے حوالہ کر دی۔ ڈاکٹر فرید پراچہ نے کہا ہم امید کرتے ہیں کہ کمشن جلد از جلد اصل مجرمان کو بے نقاب کرکے معصوم اور بے گناہ طلبا و طالبات کے قاتلوں کو کیفر کردار تک پہنچائے گا۔ مشرف نے امریکی خوشنودی اور وفاداری کی خاطر آپریشن کرکے سینکڑوں بے گناہ طلبا و طالبات کا خون کیا۔