• news

فروری کے دوسرے ہفتے واپسی ہو گی، کارکن الیکشن کی تیاری شروع کریں: مشرف

لاہور (خصوصی رپورٹر) آل پاکستان مسلم لیگ کے سربراہ جنرل (ر) پرویز مشرف نے ایک مرتبہ پھر پاکستان آنے اور عام انتخابات میں حصہ لینے کا اعلان کر دیا ہے۔ گزشتہ روز اپنی پارٹی کے لاہور میں مرکزی رہنما حافظ غلام محی الدین سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ وہ فروری کے دوسرے ہفتہ میں پاکستان لوٹ آئیں گے۔ انہوں نے اپنی جماعت کے عہدیداران و کارکنوں کو ہدایت کی کہ آنے والے الیکشن کی تیاریاں شروع کریں۔ حافظ غلام محی الدین نے نوائے وقت کو بتایا کہ پرویز مشرف بارہا کہہ چکے تھے کہ الیکشن شیڈول آنے کے بعد وہ وطن لوٹ آئیں گے۔ این این آئی کے مطابق مانچسٹر میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے پرویز مشرف نے کہا کہ مجھ پر کئی الزامات لگائے گئے ہیں لیکن واضح طور پر قانون اور آئینی لحاظ سے مجھ پر کوئی الزام نہیں۔ پاکستان میں جمہوریت کے متعلق بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک میں دائمی جمہوریت قائم کرنے کے لئے فوج کا کردار اہم ہے۔

ای پیپر-دی نیشن