نارووال سیکشن پر بند کی گئی ٹرینیں فوری بحال کی جائیں: لیاقت بلوچ
لاہور(خصوصی نامہ نگار) جماعت اسلامی کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے وفاقی وزیر ریلوے حاجی غلام احمدبلور اور جنرل مینجر ریلوے جنید قریشی سے مطالبہ کیاہے ریلوے کی برانچ لائن نارووال سیکشن پر بند کی گئی ٹرینیں 217 اپ ،218 ڈاﺅن،215 اپ ، 216 ڈاﺅن ٹرینیں فی الفور چلانے کے احکامات صادر فرمائیں، لیاقت بلوچ نے کہاکہ ریلوے قومی ادارہے لیکن حکومتی نااہلی ، کرپشن ، مس مینجمنٹ سے یہ ادارہ تباہی کے دہانے پر ہے، جماعت اسلامی قومی اداروں کے استحکام اور ملک کے عوام کی خدمت کرنا اپنا دینی ، اخلاقی ، سماجی فرض سمجھتی ہے ، انشاءاللہ جماعت اسلامی برسراقتدار آ کر ریلوے ، پی آئی اے ، سٹیل ملز سمیت دیگر قومی اداروں کو ترقی کے ٹریک پر کھڑا کر ے گی ۔ انہوں نے کہاکہ وفاقی وزیر ریلوے اور جنر ل مینجر نارووال سیکشن عوام کی مشکلات ختم کرنے کے لیے بند کی گئی ٹرینوں کو نہ صرف چلائیں بلکہ ان مسافر ٹرینوں کے ساتھ مسافر کوچز کی تعداد بھی ضابطے کے تحت لگانے کے احکامات دیں۔