• news

ایل او سی پر بھارتی جارحیت کا مقصد انتخابات سے پہلے سیاسی افراتفری پھیلانا ہے: وزیراعظم

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی+ ایجنسیاں) وزیراعظم راجہ پرویز اشرف کی زیر صدارت پیپلز پارٹی کی کور کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں ملکی سیاسی صورت حال اور نگران سیٹ اپ پر غور کیا گیا جبکہ اتحادیوں سے متعلق امور پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔ کور کمیٹی نے وزیراعظم کو تمام سیاسی جماعتوں سے رابطوں کا اختیار دے دیا۔ وزیراعظم الیکشن اور نگران سیٹ اپ پر قومی رہنماو¿ں سے مشاورت کریں گے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ انتخابات مقررہ وقت پر ہوں گے اور ایک دن کی بھی تاخیر نہیں ہو گی، وزیراعظم جلد بلوچستان کی سیاسی قیادت سے ملاقات کریں گے۔ علاوہ ازیں نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی سے خطاب کرتے ہوئے راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ کنٹرول لائن پر بھارتی جارحیت اور دہشت گردی کے واقعات الیکشن سے پہلے ملک میں افراتفری پھیلانے کی کوشش ہے‘ حکومت صورتحال کی سنگینی سے آگاہ ہے‘ چیلنجز کے باوجود عام انتخابات کے لئے تیار ہیں‘ نظام میں خلل ڈالنے والی قوتوں کے خلاف کھڑا ہونے کی ضرورت ہے۔ امن، استحکام، قومی اتفاق رائے، قومی اثاثوں کے تحفظ کے لئے ہر ممکن کارروائی کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ ہم نے صبر وتحمل ، برداشت اور مفاہمت کی پالیسی پر عمل کیا ہے تاکہ ملک میں پائیدار اور مستحکم سیاسی نظام کی بنیاد رکھی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں ان تمام قوتوں کے خلاف کھڑا ہونے کی ضرورت ہے جو نظام میں خلل ڈالنا چاہتے ہیں۔ راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ حکومت آزادانہ ، منصفانہ اور شفاف انتخابات کرانے کیلئے پرعزم ہے۔ انتخابات آزاد الیکشن کمیشن کی نگرانی میں ہوں گے۔ انہوں نے ملک میں جمہوری استحکام کیلئے جمہوری قوتوں ، سول سوسائٹی ، ذرائع ابلاغ اور ریاستی اداروں کے کردار کا اعتراف کیا۔ دریں اثناء صدر آزاد جموں وکشمیر سردار محمد یعقوب خان اور برطانوی وفد نے وزیراعظم راجہ پرویز اشرف سے الگ الگ ملاقات کی۔

ای پیپر-دی نیشن