اسلم روڈا نے زندگی ہاکی کے فروغ کیلئے وقف کر رکھی تھی : شہباز شریف
لاہور (خصوصی رپورٹر+سپورٹس رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے ہاکی کے لیجنڈ کوچ اور سابق انٹرنیشنل ہاکی پلیئر اسلم روڈا کی وفات پر گہرے دکھ و غم کا اظہار کیا ہے۔ خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ اسلم روڈا کو پاکستان ہاکی کو 100سے زائد اولمپئنز دینے کا اعزاز حاصل تھا۔ انہوں نے زندگی ہاکی کے فروغ کے لئے وقف کر رکھی تھی۔ اللہ تعالی مرحوم کو جوار رحمت میں جگہ دے اور لواحقین کو یہ صدمہ صبرو تحمل سے برداشت کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ پاکستان ریلوے سپورٹس بورڈ کا تعزیتی اجلاس منعقد ہوا جس میں اسلم روڈا کی وفات پر نائب صدر ریلوے سپورٹس بورڈ سعید اقبال خان، سیکرٹری جنرل رانا ابرار انور، سپورٹس آفیسر راشد محمود بٹ، اکاﺅنٹس آفیسر اکرم اعوان، نیئر جاوید مفتی، سید نجم السعید، منظور علی عارف، طاہر محمود، مشتاق احمد ٹوانہ، نعیم عالم، محمد ایوب، آصف اقبال، غلام فرید، اقبال بٹ اور بہت سے کھلاڑیوں نے گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔