• news

سکواش کا ٹیلنٹ بے شمار انٹرنیشنل میچز کی کمی‘ خواتین کھلاڑی کارکردگی کیلئے پرعزم


لاہور (چودھری اشرف) پاکستان میں ویمن سکواش کا ٹیلنٹ بے شمار ہے اصل ضرورت انہیں بین الاقوامی سطح پر زیادہ سے زیادہ مقابلوں کے مواقع فراہم کرنے کی ہے۔ پاکستان میں سکیورٹی کے حالات کی وجہ سے بھی قومی کھلاڑیوں کو اپنے ہوم گرا¶نڈ پر زیادہ میچز نہیں مل رہے تاہم پاکستان سکواش فیڈریشن اپنے محدود مسائل میں کھیل کو ترقی دینے کے لئے کوشاں ہے۔ ان خیالات کا اظہار بنک آف پنجاب نیشنل سینئر سکواش چیمپئن شپ میں شریک قومی ویمن کھلاڑیوں نے نوائے وقت کے ساتھ خصوصی گفتگو میں کیا۔ پنجاب سے تعلق رکھنے والی ثمر انجم کا کہنا تھا کہ جب تک پاکستان میں انٹرنیشنل مقابلوں کا زیادہ سے زیادہ اہتمام نہیں ہوگا ہمیں غیرملکی کھلاڑیوں کے خلاف مقابلوں کی تیاری میں مشکلات رہیں گی۔ میرا ہدف پاکستان کا ویمن سکواش میں دنیا بھر میں نام روشن کرنا ہے جس کے لئے اپنی تیاری کر رہی ہوں۔ مہوش حنیف کا کہنا تھا کہ پاکستان میں ویمن سکواش کا ٹیلنٹ بہت زیادہ ہے اگر ویمن کھلاڑیوں کو مواقع دئیے جائیں تو وہ اپنی صلاحیتوں سے ملک کا نام روشن کر سکتی ہیں۔ زرعی ترقیاتی بنک سے تعلق رکھنے والی روشنا محبوب کا کہنا تھا کہ پاکستان میں حالات اگر اچھے نہیں ہیں تو کوئی بات نہیں۔ اگر قومی ویمن کھلاڑیوں کو بیرون ملک جا کر کھیلنے کے مواقع دئیے جائیں تو وہ ثابت کر سکتی ہیں کہ پاکستان میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں ہے۔ زویا خالد کا کہنا تھا کہ پاکستان سکواش فیڈریشن اپنے محدود وسائل میں ملک میں ٹورنامنٹس کا انعقاد کرا رہی ہے جو انتہائی حوصلہ افزا ہے۔ غیرملکی کھلاڑیوں کو پاکستان آ کر کھیلنا چاہئے پاکستان کھیلوں کے لئے محفوظ ملک ہے۔

ای پیپر-دی نیشن