موبائل فون سروس آج بند‘ ووٹ نہ ڈالنے والوں کو بجلی‘ گیس سے محروم کیا جا سکتا ہے : رحمن ملک
اسلام آباد +کراچی (نوائے وقت نیوز+وقائع نگار+ایجنسیاں) 12 ربیع الاول کے موقع پر آج لاہور سمیت پنجاب کے 51 اور کراچی سمیت سندھ کے 3 شہروں میں موبائل فون سروس بند رہے گی جبکہ کوئٹہ میں بھی موبائل فون سر وس بند رہے گی۔ سروس صبح 8 بجے سے رات 10 بجے تک بند رہے گی جبکہ کراچی سمیت سندھ کے 7 اضلاع میں موٹرسائیکل ڈبل سواری پر بھی پابندی لگا دی گئی ہے۔ وزیر داخلہ رحمن ملک نے کہا ہے کہ صوبائی حکومتوں کی جانب سے درخواستوں پر موبائل فون سروس بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رحمن ملک کا کہنا تھا آج 12 ربیع الاول کو صبح 8 بجے سے رات 10 بجے تک موبائل سروس بند رکھنے کی درخواستیں ملی ہیں۔ موبائل فون سروس بند رکھنے پر عوام سے معافی مانگتا ہوں۔ فروری تک موبائل کمپنیوں کے آڈٹ لٹس پر بائیو میٹرک سسٹم نصب کردیں گے۔ موبائل سم کے خریداروں کے انگوٹھے کے نشانات لئے جائیں گے، غیر قانونی سمز اب دہشت گردی میں استعمال کی جا رہی ہیں۔ جو عام انتخابات میں ووٹ نہیں ڈالے گا اس پرجرمانے کی تجویز زیر غور ہے۔ ووٹ نہ ڈالنے والے کو گیس، بجلی اور دیگر سہولیات سے محروم کیا جا سکتا ہے۔ نادرا ایسا سافٹ ویئر تیار کرے جس سے پتہ چلے کس نے ووٹ نہیں ڈالا۔ دہشت گردی کی اطلاع نہیں صوبائی حکومتوں کی درخواست پر سروس بند رکھنے کا فیصلہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ سابق چیئرمین اوگرا توقیر صادق کا نام 19 جنوری 2012ءکو ای سی ایل میں ڈال دیا تھا جو اب بھی لسٹ میں موجود ہے۔ جہانگیر بدر نے کبھی توقیر صادق کی سفارش نہیں کی۔ کامران فیصل کیس کی تہہ تک جائیں گے۔ علاوہ ازیں پنجاب میں لاہور، شیخوپورہ، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، راولپنڈی، ملتان، رحیم یار خان، مظفر گڑھ، راجن پور، اٹک، جہلم، چکوال، سرگودھا، اوکاڑہ، فیصل آباد، پاک پتن، ڈیرہ غازیخان ، لیہ، بہاولپور اور دیگر شہروں میں موبائل فون سروس بند رہے گی۔ ادھر کراچی سمیت سندھ کے 7 اضلاع حیدر آباد، خیرپور، میر پور خاص، نوشہرو فیروز، لاڑکانہ، جامشورو میں موٹرسائیکل پر ڈبل سواری پر پابندی لگا دی گئی ہے۔ پابندی کا اطلاق آج جمعہ کو صبح 8 بجے سے رات 10 بجے تک ہوگا۔ راولپنڈی میں بھی ایک روز کیلئے موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی لگا دی گئی۔ پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ پنجاب کے 51 شہروں میں موبائل فون سروس بند رہے گی۔