• news

قومی ویمن ٹینس کھلاڑیوں کا فیڈریشن کی سہولتوں پر عدم اطمینان کا اظہار


لاہور (سپورٹس رپورٹر) فیڈ کپ 2013ءمیں حصہ لینے والی پاکستان ویمن کھلاڑیوں نے پاکستان ٹینس فیڈریشن کی جانب سے دی جانے والی سہولیات پر عدم تحفظ کا اظہار کر دیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ کھلاڑیوں کی جانب سے کہا جا رہا ہے کہ اگر انٹرنیشنل ٹورنامنٹ کے لئے پاکستانی کھلاڑیوں کو مناسب سہولیات نہیں دی جا سکتیں تو پھر ان سے رزلٹ کی توقع بھی نہیں کرنی چاہئے۔ ذرائع کے مطابق کھلاڑیوں کا کہنا ہے کہ فیڈریشن کھلاڑیوں کے نام پر بھاری رقوم حاصل کرتی ہے جو اپنے اوپر زیادہ خرچ کرتی ہے جبکہ کھلاڑیوں پر معمولی رقم خرچ کرکے ان سے اچھی کارکردگی کی توقع رکھ لیتی ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ دو سال قبل ہونے والے فیڈ کپ کے لئے پاکستان ویمن ٹیم کو جو سہولیات دی گئی تھیں مگر موجودہ فیڈریشن کے عہدیداران نے اپنی عیاشیوں کی خاطر اہم ٹورنامنٹ کے لئے کھلاڑیوں کو غیرمناسب سہولیات فراہم کر رکھی ہیں۔ پاکستان ویمن ٹینس ٹیم فیڈرکپ کے لئے یکم فروری کو لاہور سے قازقستان کے لئے روانہ ہوگی جس کے لئے پاکستان ٹینس فیڈریشن نے چار رکنی ٹیم کا اعلان کر رکھا ہے جس میں عشنا سہیل، سارہ منصور، صبا عزیز اور ایمان قریشی شامل ہیں۔ نوشین احتشام نان پلیئنگ کپتان جبکہ انعام الحق کو کوچ مقرر کیا گیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن