• news

کسی سے اختلاف نہیں‘ پی سی بی نے رابطہ کیا تو خدمات حاضر ہیں : انضمام الحق


لاہور (سپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان انضمام الحق نے کہا ہے کہ پی سی بی نے دورہ جنوبی افریقہ کے لئے رابطہ کیا تو میری خدمات حاضر ہیں تاحال مجھ سے کسی نے کوئی رابطہ نہیں کیا ہے۔ دورہ سے قبل ٹیم کے انتخاب کے لئے کپتانوں سے مشاورت کر لی جاتی تو اچھا تھا۔ واٹمور، جاوید میانداد سمیت میرا کسی سے کوئی اختلاف ہے اور نہ ہی معاوضے کا مسئلہ ہے۔ لاہور میں مقامی کالج کے سپورٹس ڈے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ان کا کہنا تھا کہ ایسی باتوں میں کوئی صداقت نہیں کہ میرا کوچ واٹمور، جاوید میانداد سے کسی قسم کا کوئی جھگڑا ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین ذکاءاشرف نے دورہ بھارت سے قبل رابطہ کیا تھا جس میں انہوں نے بھارت اور جنوبی افریقہ سیریز کے لئے بیٹنگ کنسلٹنٹ کی آفر کی تھی لیکن میں نے بھارت کے دورہ کے لئے معذرت کر لی تھی کیونکہ میرا بھارت میں ٹی وی چینل کے ساتھ معاہدہ تھا۔ تاہم بھارت کے دورہ کے بعد دورہ جنوبی افریقہ کے لئے مجھ سے کوئی رابطہ نہیں کیا گیا۔ ایک سوال کے جواب میں انضمام الحق کا کہنا تھا کہ جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز میں قومی کھلاڑیوں کو ہار سے گھبرانا نہیں چاہئے کیونکہ میزبان ٹیم کے خلاف کھلاڑیوں نے اگر اپنا اعتماد کھویا تو واپسی مشکل ہو جائے گی۔ پاکستان میں پلیئر ایسوسی ایشن بنانے کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ فیکا پہلے سے کام کر رہی ہے وہ پلیئرز کی ایسوسی ایشن ہے کے بیان سے حیرانگی ہوئی تاہم سب کو ملکر پاکستان میں شروع ہونے والی پہلی پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کو کامیاب بنانا چاہئے۔

ای پیپر-دی نیشن