شعور کا فقدان ملکی برآمدات بڑھانے کی راہ میں حائل ہے: عرفان شیخ
لاہور (کامرس رپورٹر) پاکستانی مصنوعات معیار کے حوالے سے دنیا بھر میں بہترین ہیں لیکن برانڈنگ کے متعلق شعور و آگہی کا فقدان عالمی سطح پر ان کے فروغ کی راہ میں حائل ہے لہذا پاکستانی تاجروں کو برانڈنگ کی جانب خاص توجہ دینی چاہیے۔ یہ باتیں مختلف ماہرین نے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں برانڈ پاور کے موضوع پر منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہیں۔ لاہور چیمبر کے سینئر نائب صدر عرفان اقبال شیخ مہمان خصوصی تھے جبکہ نائب صدر میاں ابوذر شاد، ابرار احمد، کو کنوینر عمر سلیم، امتیاز علی، منیب دلشاد، بینش پرویز، فواد باجوہ اور رانا سجاد نے بھی اس موقع پر خطاب کیا۔ سیمینار کے انعقاد کا مقصد شرکاءکو پاکستانی مصنوعات کے لیے برانڈنگ کی اہمیت سے آگاہ کرنا تھا۔ ماہرین نے کہا کہ اگر برانڈنگ پر توجہ دی جائے تو ملک کو بھاری زرمبادلہ حاصل ہوسکتا ہے۔