حب رسول کی مالا میں پروئے مسلمان متحد ہو جائیں: ریاض حسین شاہ
لاہور (خصوصی نامہ نگار) جماعت اہلسنّت پاکستان کے مرکزی ناظم اعلیٰ علامہ ریاض حسین شاہ نے کہا ہے کہ حضور نبی کریم پیغمبر ِ امن و رحمت اور محسن ِ انسانیت ہیں، حضور کی رحمت قیامت تک تمام عالمین پر ابر ِ کرم کی طرح برستی رہے گی۔ باطل نظام کے خاتمے اور نظامِ حق کے غلبے کی جدوجہد ہمارا دینی فریضہ ہے۔ حُبّ ِ رسول کی مالا میں پروئے ہوئے مسلمان متحد ہو جائیں۔ نامِ محمد سے دونوں ہونٹ جُڑ جاتے ہیں۔ کلمہ پڑھنے والے کیوں نہیں جُڑ جاتے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے میلادالنبیکے سلسلہ میںمختلف مقامات پر جلسوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ سیرتِ طیّبہ سے دوری مسلمانوں کی ذلت کا باعث ہے۔ دنیا و آخرت میں کامیابی کے لیے نبی کریم کی تعلیمات پر عمل کرنے کے سوا کوئی راستہ نہیں۔ عید میلادالنبی حضور نبی کریم سے عہد ِ وفا کا دن ہے۔ صبح ِ میلاد دراصل صبح ِ انقلاب ہے۔ حضور نبی کریم بنیادی انسانی حقوق کے اعلیٰ ترین محافظ ہیں۔