• news

بھارت نے وولر بیراج پر مذاکرات ملتوی کر دئیے‘ دو پاکستانی سفارتکاروں کو ادبی میلے میں شرکت کی اجازت دینے سے انکار

اسلام آباد (نوائے وقت نیوز + آن لائن + کے پی آئی) بھارت نے وولر بیراج پر مذاکرات ملتوی کر دئیے۔ وزارت پانی و بجلی کے مطابق بھارتی حکومت نے اپنے سیکرٹری پانی و بجلی کو پاکستان میں مذاکرات سے روک دیا۔ پاکستان بھارت سرحدی کشیدگی کی وجہ سے بھارت نے سیکرٹری کو پاکستان آنے سے روک دیا۔ وولر بیراج پر پاکستان بھارت مذاکرات کا تیسرا دور 28 جنوری کو ہونا تھا۔ پاکستانی دفتر خارجہ کے اعلیٰ افسر نے بھی وولر بیراج پر مذاکرات ملتوی ہونے کی تصدیق کر دی ہے دوسری جانب بھارت نے دو پاکستانی سفارتکاروں کو جے پور ادبی میلے میں شرکت کی اجازت دینے سے انکار کر دیا۔ پاکستانی ہائی کمشن میں تعینات دو پاکستانی سفارتکار جے پور کے ادبی میلے میں شریک ہونا چاہتے تھے لیکن بھارتی حکومت نے انہیں اجازت نہیں دی۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق لگتا ہے کہ کشمیر میں لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوجیوں کی ہلاکت کے بعد دونوں ملکوں کے درمیان پیدا ہوئی تلخی میں ابھی کوئی کمی نہیں آئی ہے جس کی یہ ایک اور واضح مثال ہے۔اس سے قبل بھارت میں موجود پاکستانی کھلاڑیوں اور فنکاروں کو واپس بھیج دیا گیا تھا اور ان کے تمام پروگرام منسوخ کر دئیے گئے تھے۔ دلی میں پاکستانی ہائی کمشن کے ذرائع کا کہنا ہے کہ سفارتخانے کے دو افسر جے پور کے ادبی میلے میں شریک ہونا چاہتے تھے لیکن انہیں اس کی اجازت نہیں دی گئی۔ذرائع کا کہنا تھا کہ سفر کرنے سے پہلے وزارت خارجہ سے اس کی اجازت لینی ہوتی ہے۔ ’اس کے لئے کئی روز پہلے درخواست دی گئی تھی لیکن جب ان کی جانب سے کوئی جواب نہیں ملا تو ہمارے سیاسی امور کے سکرٹری نے ان سے بات بھی کی لیکن تب بھی کوئی جواب نہیں دیا گیا۔کمشن کے ایک سینئر اہلکار نے بتایا کہ چونکہ ادبی میلے میں پاکستان کے کئی ادیب آئے ہیں اس لئے دو سفارتکار بھی اس میں شرکت کے متمنی تھے لیکن بھارت کی جانب سے سرد مہری کے سبب وہ جے پور نہ جا سکے۔ اطلاعات کے مطابق پاکستانی مصنفین کو بھی بھارت نے آخری وقت میں ویزا جاری کیا تھا اور آنے سے محض ایک روز پہلے انہیں سفری دستاویز سونپی گئی تھیں۔ ادبی میلے میں سخت سکیورٹی انتظامات کئے گئے ہیں۔ بھارت نے دو سفارتکاروں کو اجازت نہ دینے کی کوئی وجہ بھی نہیں بتائی۔ اس سے قبل پاکستانی فنکاروں اور کھلاڑیوں کو بھی واپس بھجوایا جا چکا ہے۔ کمشن کے ایک سینئر اہلکار نے بتایا کہ چونکہ ادبی میلے میں پاکستان کے کئی ادیب آئے ہیں اس لئے دو سفارتکار بھی اس میں شرکت کے متمنی تھے لیکن بھارت کی جانب سے سرد مہری کے سبب وہ جے پور نا جا سکے۔ جمعرات کو ادبی میلے کے افتتاحی دن کو ہی پاکستانی ادیبوں کو خطاب کی دعوت دی گئی تھی۔ خطاب کرنے والوں میں جمیل احمد، امینہ سید اور مشرف علی فاروقی شامل تھے۔ آغاز میں پاکستانی مصنف محمد حنیف کو بھی سیشن سے خطاب کرنا تھا لیکن وہ حاضر نہیں ہوئے اور اس کی وجوہات واضح نہیں ہیں۔ اطلاعات کے مطابق پاکستانی مصنفین کو بھی بھارت نے آخری وقت میں ویزا جاری کیا تھا اور آنے سے محض ایک روز پہلے انہیں سفری دستاویز سونپی گئی تھیں۔ بھارتی ریاست راجستھان کے دارالحکومت جے پور کے سالانہ ادبی میلے میں پاکستانی مصنفین کی موجودگی کے سبب سخت سکیورٹی کا انتظام کیا گیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن