• news

بھارت مسئلہ کشمیر کے حل میں سنجیدہ نہیں: یاسین ملک


لاہور (نیوز رپورٹر) پاکستان، بھارت کشیدگی کے باعث خطے پر جنگ کے بادل منڈلا رہے ہیں۔ مسئلہ کشمیر حل ہو جائے تو باقی مسائل خودبخود ختم ہو جائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار شہری رہنما و جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین یاسین ملک نے لاہور ائرپورٹ پر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ لائن آف کنٹرول پر کشیدگی کے باعث دونوں ممالک کے شہری خوف و ہراس میں مبتلا ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کشمیر سمیت دیگر معاملات پر پاکستان اور بھارت کے درمیان مذاکرات کی کوئی امید پیدا ہوتی ہے کہ بھارت ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتا ہے اور کسی بھی قسم کی لچک پیدا نہیں کرتا جس کی وجہ سے مذاکرات کے تمام دروازے بند ہو جاتے ہیں جس کے نتیجے میں تمام پیش رفت ختم ہو جاتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ بابری مسجد کے واقعے اور سانحہ سمجھوتہ ایکسپریس میں آر ایس ایس ملوث ہیں لیکن بے گناہ مسلمانوں کوگرفتار کرکے انہیں مجرم ثابت کیا گیا ان کو رہا کرنے کی ضرورت ہے اور اصل مجرموں کے خلاف مقدمہ چلایا جائے۔ انہوں نے کہاکہ جب تک کشمیریوں کو مسئلہ کشمیر کے حل میں شامل نہ کیا گیا اس وقت تک کشمیر کا کوئی بھی حل پائیدار نہیں ہوا۔کشمیری کسی مفاد کی جنگ نہیں لڑ رہے وہ عوامی امنگوں کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ حکومت پاکستان کشمیری عوام کی خواہشوں کے مطابق مسئلہ حل کروانے کیلئے مزید ٹھوس اقدامات کرے۔ انہوں نے کہاکہ بھارت مسئلہ کشمیر کے حل میں سنجیدہ نہیں ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق مسئلہ حل نہ ہوا تو نئی کشمیری نسل بھی ہتھیار اٹھائے گی۔ انہوں نے پاکستانی کھلاڑیوں اور ادیبوں کو ملنے والی دھمکیوں اور سفارتکاروں میں پہلے ہی شرکت کی اجازت نہ دینے پر بھارتی حکومت کی مذمت کی۔ ائرپورٹ پر یاسین ملک نے مختصر قیام کیا وہ بعدازاں دوسری فلائٹ سے اسلام آباد روانہ ہو گئے۔

ای پیپر-دی نیشن