واٹر ٹینکر کی رکشہ کو ٹکر، ڈرائیور، خاتون کمسن بھانجی سمیت جاں بحق، ورثاءکااحتجاج
لاہور (اپنے نمائندے سے) تھانہ بادامی باغ کے علاقے میں واسا کے تیزرفتار ٹرک نے بے قابو ہو کر رکشہ سوار سمیت خاتون اور اسکی کمسن بھانجی کو کچل ڈالا اور ڈرائیور موقع سے فرار ہو گیا۔ پولیس نے نامعلوم ڈرائیور کیخلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔ تینوں کی نعشیں گھروں میں پہنچنے پر علاقے میں کہرام مچ گیا۔ اہل علاقہ اور ورثاءنے رنگ روڈ گھنٹوں بلاک کر کے ٹائر جلائے اور واسا حکام کے خلاف سراپا احتجاج بنے رہے۔ تفصیلات کے مطابق رنگ روڈ بادامی باغ کے علاقے میں واسا کةے ایک سرکاری بڑے ٹرک نے سڑک کے کنارے کھڑے رکشہ کو بے قابو ہو کر کچل دیا۔ عینی شاہدین کے مطابق اوور سپیڈ کے باعث ٹرک کی بریک بھی نہیں لگ سکی جس کی وجہ سے اسکی زد میں آ کر رکشہ کا ڈرائیور محمد حفیظ، خاتون صدیقہ بی بی اپنی 9 سالہ بھانجی انعم سمیت موقع پر ہی دم توڑ گئی۔ حادثہ کے فوری بعد نامعلوم ٹرک موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔ مقامی انتظامیہ کی طرف سے انصاف کی یقین دہانی پر احتجاجی مظاہرین نے سڑک ٹریفک کیلئے کھول دی۔ذرائع کے مطابق واسا کے ٹرک ڈرائیور جس نے چنگ چی رکشہ کو کچل ڈالا ہے، پولیس کی طرف سے ٹرک کی تلاشی کے دوران شراب کی تین بوتلیں بھی برآمد ہوئی ہیں اور عینی شاہدین کے مطابق ڈرائیور کے حلیہ سے لگ رہا تھا کہ اس نے نشہ کیا ہوا ہے۔ مظاہرین نے موقع سے میتیں اٹھانے سے انکار کر دیا تھا۔ پولیس اور واسا حکام کی طرف سے یقین دہانی پر 4 گھنٹے بعد مظاہرین نے سڑک ٹریفک کیلئے کھول دی۔