بھارتی یوم جمہوریہ پر پاکستانی اور بھارتی فوج کے درمیان مٹھائی کا تبادلہ
راولا کوٹ (بی بی سی) بھارت کے یوم جمہوریہ کے موقع پر دونوں ملکوں کی فوجوں نے مٹھائی کا تبادلہ کیا ہے۔ بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق یہ مٹھائی جنوبی ضلع راولا کوٹ میں عین لائن آف کنٹرول پر چک دا باغ کے مقام پر تقسیم کی گئی۔ واضح رہے کہ ہندوستان اور پاکستان کی فوجوں کے درمیان لائن آف کنٹرول پر ہونے والی حالیہ جھڑپیں بھی اسی علاقے میں ہوئی تھیں۔ ان جھڑپوں کے نتیجے میں دونوں طرف سے مشترکہ طور پر پانچ فوجی ہلاک ہوئے تھے۔ آٹھ جنوری سے پونچھ سے پونچھ راولاکوٹ بس سروس اور اس راستے سے ہونے والی باہمی تجارت بھی معطل ہے۔ بس سروس معطل ہونے کی وجہ سے لگ بھگ دو سو مسافر لائن آف کنٹرول کے آر پار پھنس گئے ہیں تاہم سرینگر مظفر آباد بس سروس اور اسی راستے سے باہمی تجارت بغیر کسی تعطل کے جاری ہے۔