شام : لڑائی جاری مزید 118 ہلاک‘ باغیوں کا جیل پر حملہ ‘300 قیدی چھڑا لئے
دمشق، لندن (نیوز ایجنسیاں) شام میں جیش الحر نے ادلب شہر کی مرکزی جیل پر حملہ کر کے قیدیوں کو رہا کرا لیا۔ شامی اپوزیشن کے ذرائع کے مطابق گزشتہ روز جیش الحر کے جیل حملے میں تین سو قیدیوں کو رہائی دلوائی گئی۔ سرکاری فوج نے دمشق کے نواحی علاقے پر گولہ باری کا سلسلہ جاری رکھا۔ بشارالاسد فوج کے توپخانے سے الحجر الاسود کالونی پر شدید گولہ باری کی گئی، تاہم دمشق کے نواحی دیہات اور قصبات الغوطہ الشرقیہ بھی ہفتے کی صبح سرکاری فوج کی گولہ باری کا نشانہ بنے۔ جبکہ گذشتہ روز 118 افراد جان سے گئے۔ این این آئی کے مطابق اردن کے شاہ عبداللہ نے کہا ہے کہ بشارالاسد حکومت ابھی مضبوط ہے اور انہیں لگتا ہے کہ اسد کم از کم مزید پانچ ماہ تک اقتدار سے چپکے رہ سکتے ہیں۔ ایرانی سپریم کونسل کے رہنما علی اکبر ولایتی نے کہا ہے کہ شام پر حملہ ایران پر حملہ تصور کیا جائے گا۔ شام پر بیرونی قوتیں حملہ کرنے کی منصوبہ بندی کر رہی ہیں۔ اگر شام پر حملہ ہوا تو وہ حملہ ایران اور اس کے اتحادیوں پر حملہ تصور کیا جائے گا۔ اس حملے کا بھرپور جواب دینا ہمارا حق ہو گا۔ برطانوی حکومت نے انسانی ہمدردی کی بنا پر شام کے بحران میں پھنسے ہوئے افراد کے لئے اکیس ملین پاﺅنڈ کی امداد دینے کا اعلان کیا ہے۔