ڈیوڈ ہیڈلے کوبھارت کے حوالے نہیں کر یں گے: امریکی محکمہ انصاف
واشنگٹن( نما ئندہ خصوصی) امریکہ نے کہا ہے کہ ممبئی حملوں کے گرفتار ملزم ڈیوڈ ہیڈلے کو قانون نافذ کرنے والے اداروں کے دوران تفتیش مکمل تعاون کرنے کی بنا پر سزائے موت نہیں دی گئی‘ بھارت کے حوالے نہیں کر یں گے۔35سال قید کی سزا انصاف کے مطابق ہے ۔ غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق ڈیوڈ ہیڈلے کو 35سال قید کی سزا سنائے جانے پر بھارت کی جانب سے تحفظات کا اظہار کیا گیا تھا تاہم امریکی محکمہ انصاف کا کہنا ہے کہ پاکستانی نژاد ڈیوڈ ہیڈلے نے دوران تفتیش تعاون کیا جس کی وجہ سے انہیں سزائے موت نہیں دی گئی۔ دوسری جانب امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان وکٹوریہ نولینڈ نے بھی عدالتی فیصلے کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ اس فیصلے سے امریکہ اور بھارت کے درمیان انسداد دہشت گردی کے حوالے سے تعاون کو مزید فروغ ملے گا۔