ٹسڈیک اور اخوت فاﺅنڈیشن نے خواتین کاروباری اداروں کی ترقی کےلئے معاہدہ
اسلام آباد (اے پی پی) ٹیکنالوجی اپ گریڈیشن اینڈ سکلز ڈویلپمنٹ کمپنی (ٹسڈیک) اور اخوت فاﺅنڈیشن نے خواتین کاروباری اداروں کی ترقی کےلئے معاہدے پر دستخط کئے ہیں ۔معاہدے کے تحت ٹسڈیک ملک کے دور دراز اوردشوار گزار دیہی علاقوں، دیہات، قصبوں اورچھوٹے شہروں کی ہنر مند خواتین کی استعداد کار میں اضافہ اور نئی خواتین کو مختلف نوعیت کے تربتی کورسز کروائے گی جبکہ اخوت فاﺅنڈیشن ان خواتین کو اپنا ذاتی کاروبار شروع کرنے کےلئے مائیکرو فنانس قرضے فراہم کرے گی جس سے دستکاری کی صنعت اورگھریلوصنعتوں کے فروغ کے ساتھ ساتھ خواتین اداروں کی ترقی میں بھی مدد ملے گی۔ ٹسڈیک کے ترجمان نے کہا کہ منصوبہ سے روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے اور غربت میں کمی کرنے میں نمایاں مدد ملے گی۔