گومل زام پاور ہاﺅس میں مشینری کی تنصیب مکمل
لاہور (نیوز رپورٹر) واپڈا نے واران کینال سسٹم کی تعمیر شروع کر دی۔ کینال سسٹم گومل زام پراجیکٹ کے ایک لازمی جزو کے طور پر تعمیر کیا جا رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار چیئرمین واپڈا سید راغب شاہ نے ڈپٹی سپیکر قومی فیصل کریم کنڈی سے ملاقات کے دوران کیا۔ چیئرمین واپڈا نے کہا کہ امریکی ادارہ برائے بین الاقوامی ترقی یو ایس ایڈ (USAID) واران کینال سسٹم کی تعمیر کے لئے 12ملین ڈالر جبکہ مین ڈیم پاور ہاﺅس اور نظام آبپاشی کی تکمیل میں معاونت کے لئے 80ملین ڈالر مہیا کر رہا ہے۔ واران کینال سسٹم کے اضافی فوائد کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کینال سسٹم کی تعمیر سے علاقہ میں فصل کاشت کرنے کی صلاحیت 26فیصد سے بڑھ کر 87فیصد اور پیداواری صلاحیت 9فیصد سے بڑھ کر 80فیصد ہو جائے گی۔ علاوہ ازیں علاقہ میں گلہ بانی کو فروغ حاصل ہو گا اور مقامی آبادی کو پینے کا پانی بھی دستیاب ہو سکے گا۔ چیئرمین واپڈا نے مزید بتایا کہ 17میگا واٹ پیداواری صلاحیت کے حامل گومل زام پاور ہاﺅس میں الیکٹرومکینکل آلات کی تنصیب کا کام مکمل کیا جا چکا ہے اور جلد ہی اس کا مکینکل رن شروع کر دیا جائے گا جس کے بعد پاور ہاﺅس سے بجلی کی پیداوار شروع ہو جائے گی۔