بھارت امن عمل میں مخلص نظر نہیں آتا: حنا ربانی کھر
لاہور(آن لائن+ثناءنیوز)وزیر خارجہ حنا ربانی کھر نے کہا ہے بھارت پاکستان کے ساتھ امن عمل میں مخلص نظر نہیں آتا۔ بھارت کے ساتھ بہتر تعلقات خطے کے مفاد کے لئے بہت ضروری ہیں۔ پاکستان کو افغانستان میں ویٹو پاور چاہیئے نہ ڈرائیونگ سیٹ، خوشحال پر امن اور مستحکم افغانستان پاکستان کے مفاد میں ہے۔ ایک نجی ٹی وی کو دیئے گئے انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان نے بہت قربانیاں دی ہیں۔ اس جنگ میں ہمارے لیڈر بے نظیر بھٹو ، بشیر بلور سمیت ہزاروں افراد شہید ہوئے اور پاکستان کی معیشت کو بھی دہشتگردی نے نقصان پہنچایا۔ انہوں نے کہا امریکہ سے تعلقات اہمیت کے حامل ہیں۔ پاکستان کی دہشتگردی کے خلاف قربانیوں کا اعتراف امریکی قیادت بھی کرتی ہے۔ انہوں نے کہا افغانستان میں امن خطے کے مفاد میں ہے، پاکستان افغانستان میں امن چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا پاکستان ہمسایوں کے ساتھ اچھے تعلقات چاہتا ہے۔ بھارت کے ساتھ تعلقات کو بہتر کرنا چاہتے ہیں۔ بھارت کا ساتھ تعلقات خطے کے مفاد کے لئے ضروری ہے لیکن بھارت امن عمل میں مخلص نہیں۔ انہوں نے کہا جمہوری حکومت اپنی مدت پوری کرنے جا رہی ہے، یہ خوش آئند ہے۔ ایک جمہوری حکومت دوسری حکومت کو اقتدار منتقل کرے گی۔انہوں نے کہا ڈرون حملے مشرف دور میں شروع ہوئے۔ موجودہ حکومت نے ہمیشہ ان حملوں کی مخالفت کی ہے اور احتجاج کیا ہے۔ثناءنیوز کے مطابق انہوں نے کہا جو کام افغانستان میں 49 ممالک نہیں کر سکے پاکستان تنہا کیسے کر سکتا ہے۔ پاکستان اور بھارت کو ماضی سے نکل کر مستقبل کی طرف دیکھنا چاہئے اور اپنے تمام مسائل مذاکرات سے حل کرنے چاہئیں جنگیں مسئلے کا حل نہیں پہلی جنگوں سے ہم نے نقصان کے علاوہ کیا حاصل کیا؟