وزیراعظم رواں ہفتے مشاورت کیلئے سیاسی جماعتوں سے رابطے کرینگے: ذرائع
اسلام آباد(ثناءنیوز) ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ وزیراعظم راجہ پرویز اشرف ، قومی وصوبائی اسمبلیوں کی تحلیل اور عام انتخابات کی ممکنہ تاریخ اور غیر جانبدار نگران وفاقی و صوبائی حکومتوں پر مشاورت کیلئے ملک کی چیدہ چیدہ سیاسی جماعتوں سے رواں ہفتے رابطے کریں گے اور صاف شفاف انتخابات کیلئے مجوزہ اقدامات پر سیاسی قائدین کو اعتماد میں لیں گے۔ سیاسی جماعتوں سے معاملات طے کرنے کیلئے وزیراعظم کو حکمران جماعت اور صدر مملکت کا مکمل مینڈیٹ حاصل ہے۔ معاملات تیزی سے آگے کی جانب بڑھ رہے ہیں۔ اس بارے میں پیپلزپارٹی کی کور کمیٹی نے اہم اقدامات بھی تجویز کئے ہیں سیاسی جماعتوں سے ان پر مشاورت کی جائےگی ۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم اس سلسلے میں نواز شریف ، محمود اچکزئی ، مولانا فضل الرحمٰن ، منورحسن ، عمران خان ، بلوچستان کی قوم پرست جماعتوں کے رہنماﺅں ، حکومت کی اتحادی جماعتوں کی قیادت سے مشاورت کریں گے اور مشترکہ مشاورتی اجلاس کا انعقاد متوقع ہے۔ حکومت اور اپوزیشن کے درمیان انتخابات، اسمبلیوں کی تحلیل اور نگران سیٹ اپ پر متفقہ روڈ میپ طے ہوجائیگا۔ متفقہ سفارشات طے ہونے پر صدر زرداری انتخابی تاریخ کا اعلان کردیں گے۔ نگران وفاقی و صوبائی حکومتوں پر بھی مشترکہ سفارشات کا اعلان کردیا جائے گا اور اسمبلیوں کی تحلیل پر حکومتیں انتظام سنبھال لیں گی۔