ترقی اور خوشحالی کے لئے امن کا قیام ضروری ہے ‘ پولیس ظالم کا ہاتھ روکے: شہباز شریف
لاہور (خبر نگار) وزیراعلی محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ صوبے سے جرائم کا خاتمہ کرکے اسے امن و آشتی کا گہوارہ بنانا میرا مشن ہے۔ شہریوں کی جان و مال اور عزت و آبرو کا تحفظ پولیس کی اولین ذمہ داری ہے۔ پولیس عوام کو انصاف کی فراہمی اوران کی داد رسی کے لئے اپنی تمام تر توانائیاں بروئے کار لائے۔ صوبے سے جرائم کے خاتمے اور مجرموں کی بیخ کنی کے لئے جدید ٹیکنالوجی سے بھرپور استفادہ کیا جائے اور ملزم خواہ جتنا بھی بااثر کیوں نہ ہو، اسکے خلاف بلاامتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے کیونکہ ایسے معاشرے بہت جلد اپنا وجود کھو بیٹھتے ہیں جہاں انصاف بکتا ہے۔ صوبے کی ترقی، خوشحالی اور معاشی سرگرمیوں کے فروغ کیلئے امن کا قیام بے حد ضروری ہے۔ پولیس پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ ظالم کا ہر صورت ہاتھ روکے اور مظلوم کی دادرسی کیلئے اس کا ہاتھ پکڑے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ماڈل ٹاﺅن میںایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ شہباز شریف نے کہاکہ معاشرے کی تعمیر و ترقی کی تمام تر سرگرمیوںکا تعلق صرف انصاف کی فراہمی کے ساتھ جڑا ہوا ہے۔ ناانصافی جہاں جرم اور تشدد کو جنم دیتی ہے، وہاں پر معاشروں میں شر، ظلم، بگاڑ اور انتشار کا باعث بھی ہے۔ مقدمات کی تفتیش کے دوران انصاف کے تمام تقاضے پورے کئے جائیں اور تفتیش کا عمل جلد مکمل کرکے چالان عدالتوں میں پیش کئے جائیں تاکہ ملزموں کو قرار واقعی سزائیں دلوائی جا سکیں۔ وزیراعلیٰ نے پولیس حکام کو ہدایت کی کہ مقدمات کی تفتیش پیشہ وارانہ اور سائنٹیفک انداز سے کی جائے تاکہ جرائم پیشہ عناصر کو جلد سے جلد قانون کی گرفت میں لایا جا سکے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پولیس بدمعاشوں کو نکیل ڈالے، جرائم پیشہ عناصر کو قانون کی گرفت میں لائے اور صوبے میں امن و امان کی صورتحال کو مزید بہتر بنانے کے لئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے۔ پولیس تھانوں کا ماحول مزید بہتر بنائے تاکہ شہری بلاخوف و خطر دادرسی کے لئے تھانوں میں آئیں۔ پنجاب حکومت نے پولیس کو پیٹ کاٹ کر وسائل فراہم کئے ہیں، اب نتائج دینا پولیس کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے پولیس حکام کو ہدایت کی کہ امن و امان کی صورتحال مزید بہتر بنانے کے لئے جانفشانی اور دیانتداری سے فرائض منصبی سرانجام دیں۔ علاوہ ازیں شہباز شریف سے گزشتہ روز ماڈل ٹاﺅن میں پاک ترک بزنس مین ایسوسی ایشن کے چیف ایگزیکٹو، مسٹر سعدی یلداریئر کی قیادت میں 18رکنی ترک بزنس مینوں کے وفد نے ملاقات کی اور عباس شریف کے انتقال پر اظہار تعزیت کیا۔ وفد کے اراکین نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہاکہ ہمیں آپ کے پیارے بھائی کے ا نتقال پر دلی دکھ ہوا ہے اور ہم آپ کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ترک صدر، وزیراعظم اور ترک بزنس مین ہمارے بھائی عباس شریف کے انتقال پر اظہار تعزیت کر کے ہمارے غم میں شر یک ہوئے ہیں جس پر ہم ان کے شکر گزار ہیں۔ وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے ترک بزنس مینوں کے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان اور ترکی کے عوام محبت، اخوت اور دینی رشتوں میں بندھے ہیں۔ پاکستان ترک عوام جبکہ ترکی پاکستان کے عوام کا دوسرا گھر ہے اور دونوں ممالک کے عوام ایک دوسرے کے دکھ اور سکھ میں ہمیشہ ساتھ کھڑے رہے ہیں۔ گزشتہ 65سالوں میں پاک ترک دوستی کی باتیں تو بہت ہوئیں لےکن دونوں ممالک کے تجارتی تعاون کو بڑھانے کے لئے عملی اقدامات نہ کئے گئے۔ پنجاب حکومت نے اس جانب قدم اٹھایا ہے اور بہت سی ترک کمپنیاں صوبے میں مختلف منصوبوں پر کام کر رہی ہیں۔ منافع کمانا سرماےہ کاروں کا حق ہوتا ہے لےکن اس کے ساتھ عوام کو بہترین خدمات کی فراہمی بھی ضروری ہے۔ اسی مقصد کے تحت ترک کمپنیاں پنجاب حکومت کے ساتھ مل کر کام کر رہی ہے۔ میری خواہش ہے کہ ترکی کی زیادہ سے زیادہ بہترین کمپنیاں پنجاب میں سرماےہ لگائیں انہیں ےہاں کاروبار کا مکمل تحفظ فراہم کیا جائے گا۔ انہوںنے کہاکہ ترک کمپنیوں کے اشتراک سے صوبائی دارالحکومت میں صفائی کا جدید نظام متعارف کرایا گیا ہے اور اس کا دائرہ صوبے کے دیگر بڑے شہروں، راولپنڈی، ملتان، گوجرانوالہ، سیالکوٹ اور فیصل آباد تک بڑھایا جا رہا ہے۔ مفاد عامہ کے منصوبے میٹروبس سر وس میں بھی ترک کمپنیو ںکا اشتراک خوش آئند ہے۔ میٹروبس سروس کا منصوبہ ترک کمپنیوں اور پنجاب حکومت کی مشترکہ کاوشوں کا ثمر ہے اور ےہ منصوبہ دوطرفہ تعلقات بڑھانے کا باعث بنے گا۔ انہوں نے کہاکہ جس طرح استنبول میں جدید پارکنگ پلازے ہیں، اسی طرز پر لاہور شہر میں بھی پارکنگ کی جدید سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں۔ پاکستان بالخصوص پنجاب میں توانائی، لائیوسٹاک، انفراسٹرکچر اور دیگر شعبوں میں کاروبار کے بڑے مواقع موجود ہیں، ترک کمپنیوں کو ان سے فائدہ اٹھانا چاہئے۔ پنجاب حکومت لائیو سٹاک کے فروغ کے جامع پروگرام پر عمل پیراہے اور لاہور کی طرز پر صوبے کے دیگر شہروں میں بھی اےسے جدید سلاٹر ہاﺅسز بنائیںگے۔ ترکی کے وفد کے اراکین نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہاکہ ہم لائیو سٹاک، پارکنگ، توانائی، ہاﺅسنگ اور دیگر شعبوں میں پنجاب حکومت کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہتے ہیں۔ علاوہ ازیں شہباز شریف نے سابق سیکرٹری اطلاعات پنجاب اور تحریک پاکستان کے نامور کارکن کرامت علی خان کی وفات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔