• news

ورلڈکپ : قومی ویمن کرکٹ ٹیم بھارت پہنچ گئی‘ وارم میچز آج سے شروع ہونگے


نئی دہلی (نیوز ایجنسیاں) پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم ورلڈ کپ میں شرکت کے لئے بھارت پہنچ گئی۔ ویمنز ورلڈ کپ 31 جنوری سے بھارت میں شروع ہورہا ہے کپتان ثنا میر کہتی ہیں بھارت میں کھیلنے کا کوئی دباﺅ نہیں ہے۔ بھارت میں اکتیس جنوری سے شروع ہونے والے ویمن ورلڈکپ کیلئے قومی کرکٹرز لاہور سے روانہ ہوئیں۔ روانگی سے پہلے کپتان ثنا میر کا کہنا تھا کہ ایونٹ کے لئے بھرپور تیاریاں کر رکھی ہیں او ان کا مورال بھارتی انتہا پسندوں کی دھمکیوں سے کم نہیں ہو گا۔ ورلڈ کپ شروع ہونے سے قبل ہی ہندو انتہا پسند جماعت شیو سینا نے پاکستان کے خلاف احتجاج کا سلسلہ شروع کردیاتھا جس کے باعث ممبئی کے حالات پاکستان کے لئے سازگار نہ ہونے پر آئی سی سی نے قومی کرکٹ ٹیم کے تمام میچز اڑیسہ کے شہر کٹک منتقل کردیئے ہیں۔فائنل 17 فروری کو ممبئی میں کھیلا جائے گا۔آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ کے وارم اپ میچز کا آغاز آج سے ہوگا۔پہلا میچ آسٹریلیا اور ویسٹ انڈیز کی ویمن ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گا۔ دوسرے میچ میں انگلینڈ اور جنوبی افریقہ کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی، تیسرا میچ میزبان بھارت اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلا جائے گا۔ چوتھے میچ میں سری لنکا اور ممبئی کمبائنڈ الیون کی ٹیمیں نبرد آزما ہوں گی۔ تمام میچز ممبئی میں کھیلے جائیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن