بھارت کا ریگولیٹری ادارہ کدن کلام جوہری پلانٹ کے پہلے انرجی یونٹ کو چالو کئے جانے کی حتمی اجازت دے گا
نئی دہلی (اے پی پی) جوہری توانائی کے حوالے سے بھارت کا ریگولیٹری ادارہ عنقریب ریاست تامل ناڈو میں واقع جوہری بجلی گھر کدن کلام کے پہلے انرجی یونٹ کو چالو کئے جانے کی حتمی اجازت دے گا۔روسی میڈیا کے مطابق اس یونٹ کا افتتاح 30جنوری کو متوقع ہے۔رپورٹ کے مطابق تکنیکی معائنے کے دوران کوئی تکنیکی خلاف ورزی سامنے نہیں آئی جس سے واضح ہوتا ہے کہ اینرجی یونٹ کو شیڈول کے مطابق چالو کیا جا سکے گا۔ شروع میں اس یونٹ کا افتتاح دسمبر2011 میں کئے جانے کا منصوبہ تھا لیکن مقامی آبادی کے احتجاج اور دیگر وجوہات کی بنا پر افتتاح کئی مرتبہ ملتوی کر دیا گیا تھا۔ بھارت کے ایٹامک ا نرجی کمیشن کے چیرمین ڈاکٹر رتن کمار سنہا کے مطابق بجلی گھر کے ری ایکٹروں کا تفصیلی تکنیکی معائنہ کیا گیا ہے کیونکہ ہندوستان میں تعمیر کئے جانے والے یہ ایسے پہلے ری ایکٹر ہیں۔