زرداری نے منظوروٹو کو پیپلزپارٹی کی ساکھ ختم کرنےکا ٹاسک دےدیا:عارف سندھیلہ
شیخوپورہ (نامہ نگار خصوصی) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ضلعی صدر عارف خان سندھیلہ نے کہا ہے کہ زرداری نے میاں منظور وٹو کو شریف برادران کے بندوبست کیلئے نہیں بلکہ بھٹواور بینظیر شہیدکی پیپلزپارٹی کی رہی سہی ساکھ کو ختم کرنے کیلئے بھیجا ہے شریف برادران کا ویژن اور نظریات تو عوام کی فلاح وبہبود ہیں مگر زرادری پیپلزپارٹی کی نظریں صرف اور صرف اقتدار پر لگی ہوئی ہیں۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے ضلعی مسلم لیگ ہاﺅس میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ عارف خان سندھیلہ نے کہاکہ منظور وٹو مردہیں تو میرے چیلنج کا جواب دیں انہوںنے کہاکہ میاںنواز شریف کو قوم قومی ہیروکے طور پر جانتے ہیں اوروہ قومی محسن اور پاک وطن کو ناقابل تسخیر بنانے والے مرد آہن ہیں پیپلزپارٹی کے اوچھے ہتھکنڈوں سے (ن) لیگ کی مقبولیت میں کمی کی بجائے اضافہ ہورہا ہے پانچ سال تک وفاق میں بیٹھ کر اقتدار انجوائے کرنیوالوں نے آمرکی پالیسیوں کو دوام بخش کر عوام کو ریلیف نہیں صرف اور صرف تکلیف دی ہے۔