دھرنا نہ لانگ مارچ، مسلم لیگ ن پرامن واک کرے گی : رحمن ملک
اسلام آباد (نوائے وقت نیوز+ ثنا نیوز) وفاقی وزیر داخلہ رحمن ملک نے انکشاف کیا ہے فروری کے پہلے ہفتے سے کراچی میں دہشت گردی کی بڑی لہر شروع ہونے کا خدشہ ہے تاہم وہاں دہشت گردی میں طالبان ملوث نہیں۔ اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا سندھ حکومت اور تمام انٹیلی جنس ادارے اپنی توانائیاں کراچی میں ممکنہ دہشت گردی کی بڑی کارروائیاں روکنے پر صرف کر دیں۔ کراچی میں گھمسان کی دہشت گردی ہونے کا خطرہ ہے۔ انہوں نے کہا کراچی میں ہونے والی دہشت گردی میں غیرملکی ہاتھ اور کچھ کالعدم تنظیمیں ملوث ہیں، طالبان نہیں۔ ان کا کہنا ہے وہ جلد تمام انٹیلی جنس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کا اعلیٰ سطح کا اجلاس بلائیں گے تاکہ کراچی کی صورت حال پر جامع اور مربوط حکمت عملی بنائی جا سکے۔ مزید برآں انہوں نے کہا مسلم لیگ (ن) پارلیمنٹ سے الیکشن کمشن تک پُرامن واک کرے گی۔ انہوں نے کہا مسلم لیگ (ن) کے دوستوں سے بات ہوئی ہے وہ صرف پُرامن واک کریں گے۔ مسلم لیگ (ن) نہ دھرنا دے گی اور نہ لانگ مارچ کرے گی۔ مزید برآں انہوں نے کہا ہے بھارتی سپر سٹار شاہ رخ خان کو سکیورٹی کے خدشات ہیں بھارتی حکومت شاہ رخ خان کو سکیورٹی فراہم کرے ۔ شاہ رخ خان صرف بھارت کے ہی نہیں پاکستانی عوام کے بھی سپر سٹار ہیں۔ سپر سٹارز ہمیشہ امن اور محبت کی بات کرتے ہیں۔ شاہ رخ خان بھارتی شہری ہیں انہیں وہیں رہنا چاہئے۔ پاکستان بھارت کے ساتھ دوستانہ تعلقات چاہتا ہے لائن آف کنٹرول پر دونوں جانب تحفظات ہیں۔