قوم کے معماروں کی تذلیل
مکرمی! 16 جنوری بروز بدھ 2013ءکو لاہور اور اس کے گرد و نواح کے اضلاع قصور اور شیخوپورہ میں ایک ٹیلیفونک اطلاع کر کے ایجوکیٹرز میل، فیمیل جو 2009ءسے 2012ءتک تعینات کئے گئے ہیں، انہیں پنجاب اسمبلی ہال بلایا گیا۔ بڑے دکھ سے یہ بات کہنا پڑ رہی ہے کہ صبح پہلے ان کو ڈپٹی ڈی ای او کے دفتر حاضر کیاگیا پھر گاڑیوں کے ذریعے پنجاب اسمبلی ہال پہنچایا گیا جہاں پہنچنے پر وہاں ایک نامور گائیکہ گانے گا رہی تھی اور نوجوان ڈانس کر رہے تھے۔ ایجوکیٹر اساتذہ سے یہ کہا گیا تھا کہ آپ سے وزیر اعلیٰ خطاب کرنا چاہتے ہیں۔ ناچ گانے کے بعد مسلم لیگ ن کے نمائندے نے ایجوکیٹرز اور وہاں موجود طلبہ سے جمہوریت کی بقاءاور طاہر القادری کے لانگ مارچ کی مخالف میں تقریر کی۔ بعد ازاں وہاں شمعیں روشن کی گئیں۔ یہ پروگرام شام گئے ختم ہوا اور اساتذہ مرد و خواتین ایجوکیٹرز رات کے اندھیرے میں گھروں کو واپس لوٹے۔ کیا یہ اساتذہ کی توہین نہیں؟ اور ہماری بحیثیت استاد چیف سیکرٹری صاحب سے گزارش ہے کہ اس بات کا سختی سے نوٹس لیا جائے اور آئندہ کسی بھی سیاسی جلسہ گاہ میں اساتذہ کو دھوکہ دہی سے اکٹھا نہ کیا جائے اور نہ ہی ملکی خزانے کو اس طرح کے ہتھکنڈوں پر ضائع کیا جائے۔(کاشف حسین شاہ کھگہ S.S.E شیخوپورہ)