پی ایس او کی عدم فراہمی ریلوے میں ڈیزل بحران پھر شدت اختیار کر گیا
لاہور (سٹاف رپورٹر) پی ایس او کی جانب سے ڈیزل کی عدم فراہمی کے باعث ریلوے سسٹم پر آپریشنل فیول کا بحران ایک مرتبہ پھر شدت اختیار کر گیا ہے جس کے باعث ریلوے انتظامیہ نے ڈویژنوں کو اپنے طور پر اوپن مارکیٹ سے ڈیزل خریدنے کی اجازت دے دی جبکہ ریلوے لاہور انتظامیہ نے ٹرین آپریشن کو جاری رکھنے کے لئے مارکیٹ سے 2لاکھ لٹر ڈیزل خریدنے کا فیصلہ کیا ہے جس میں سے گذشتہ روز ایک لاکھ لٹر ڈیزل خریدا گیا جبکہ ایک لاکھ لٹر ڈیزل آج خریدا جائے گا۔ ادھر ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ ڈیزل کی قلت کے باعث کوئی مسافر ٹرین منسوخ نہیں ہو گی اور ضرورت پڑنے پر مارکیٹ سے ڈیزل خرید لیا جائے گا۔ جبکہ ریلوے سسٹم پر انجنوں کی قلت اور ٹرین آپریشن پر انتظامیہ کی عدم توجہ کے باعث کراچی اور کوئٹہ سے آنے والی ٹرینوں کی آمدورفت میں گھنٹوں تاخیر کا سلسلہ تاحال جاری ہے جس کے باعث مسافروں کی مشکلات کم نہیں ہو سکیں۔