سیاسی جماعتیں باکردار اور باصلاحیت افراد کو ٹکٹ دیں:علامہ ریاض حسین
لاہور (خصوصی نامہ نگار) جماعت اہلسنّت کے ناظم اعلیٰ علامہ ریاض حسین شاہ نے کہا ہے کہ سیاسی جماعتیں باکردار، دیانت دار اور باصلاحیت افراد کو ٹکٹ دیں، گولی کی بجائے بولی کا کلچر عام کیا جائے۔ حکومت اپنے اقتدار کے آخری مہینے کو شرعی نظام کے نفاذ کے لیے وقف کرے۔ اسلامی نظریہ کونسل کی سفارشات پر عمل کر کے نظامِ مصطفی نافذ کیا جا سکتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے انٹرنیشنل سنی سیکرٹریٹ میں مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ علامہ ریاض حسین شاہ نے مزید کہا کہ کراچی پاکستان کا دل ہے اس لیے کراچی میں امن ملکی سلامتی اور استحکام کے لیے ضروری ہے۔ محب وطن طبقات کراچی میں قیام امن کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔