نیپرا نے بجلی 1.33 روپے فی یونٹ مہنگی کرنے کی منظوری دے دی
اسلام آباد ( خبرنگار +نوائے وقت نیوز) نیپرا نے بجلی کے نرخوں میں 1 روپے 33 پیسے فی یونٹ اضافے کی منظوری دے دی۔ نرخوں میں اضافے کا اطلاق عدالتی فیصلے کے بعد ہوگا۔ بجلی کے نرخوں سے متعلق نیپرا میں سماعت کے دوران سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی نے موقف اختیار کیا کہ دسمبر کے مہینے میں ڈیزل سے17 کروڑیونٹ بجلی پیدا کی گئی جس کی لاگت 21 روپے 56 پیسے فی یونٹ رہی۔ فرنس آئل پر15 روپے 49 پیسے فی یونٹ بجلی پیدا کی گئی جبکہ 23 پیسے فی یونٹ بجلی چوری اورلائن لاسزکی نذرہوگئی۔ سی پی پی اے نے درخواست دی ہے کہ بجلی کے نرخوں میں فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں 1 روپے 36 پیسے فی یونٹ اضافے کی منظوری دی جائے۔ نیپرا نے سماعت مکمل کرتے ہوئے بجلی کے نرخوں میں دسمبرکے مہینے کےلئے 1 روپیہ 33 پیسے فی یونٹ اضافے کی منظوری دے دی۔ جس پرصارفین کو712 روپے اضافی ادا کرنے پڑیں گے۔ ذرائع کے مطابق اضافے کی منظوری دسمبر کےلئے ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کی گئی اور نرخوں میں اضافے کا اطلاق کراچی کے سوا بجلی کی تمام تقسیم کار کمپنیوں پر ہو گا جبکہ اطلاق اسلام آباد ہائیکورٹ میں فیول ایڈجسٹمنٹ کیخلاف درخواستوں کے فیصلے کے بعد ہو گا۔