جمہوریت کیخلاف سازشیں ناکام بناتے رہیں گے: زرداری
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+ ثناءنیوز) صدر آصف زرداری نے کہا ہے کہ جمہوریت کے خلاف سازشیں ہوتی رہی ہیں۔ ہم نے ان سازشوں کا مقابلہ کیا اور آئندہ بھی کریں گے اور انہیں ناکام بناتے رہیں گے اس امر کا اظہار انہوں نے منگل کو پی ٹی وی کے انگریزی چینل پی ٹی وی ورلڈ کی افتتاحی تقریب میں میڈیا کے استفسار پر کیا۔ صدر آصف زرداری نے پی ٹی وی ورلڈ کا افتتاح کیا۔ پاکستان ٹیلیویژن کے انگریزی چینل سے 24 گھنٹے خبریں، حالات حاضرہ سمیت دلچسپ پروگرام پیش کیے جائیں گے۔ تقریب سے خطاب میں صدر آصف زرداری نے کہا ہے کہ تیز ی سے سکڑتی ہوئی دنیا میں پاکستان کا صحیح تشخص اجاگر کرنے کے لیے میڈیا کے ذریعے دنیا بھر میں اپنا پیغام پہنچانا ہو گا۔ جمہوری استحکام کیلئے بھی اقدامات کئے گئے ہیں۔ صدر مملکت نے کہا کہ عالمی سطح پر سمجھی جانے والی زبان کے ذریعے ہم اپنا موقف بہتر طور پر پیش کر سکتے ہیں۔ صدر آصف زرداری نے کہا کہ پاکستان پر امن اور روشن خیال معاشرہ ہے تاہم عالمی ذرائع ابلاغ میں موقف درست طور پر پیش نہیں کیا جاتا۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی وی ورلڈ جمہوری حکومت کا قوم کے لیے ایک تحفہ ہے۔ صدر نے کہا کہ پی ٹی وی ورلڈ سے پاکستان کے بارے میں غلط فہمیوں کو دور کرنے میں مدد ملے گی، ہم نے اپنے آپ کو متعارف کرانا ہے۔ ہم نے دنیا کو بتانا ہے کہ یہ بے نظیر پاکستان ہے صدر نے کہا کہ ہم نے دنیا پر واضح کرنا ہے کہ ہم جمہوریت پسند اور مہمان نواز قوم ہیں اور پاکستان پر امن اور روشن خیال معاشرہ ہے ہم نے مل کر پاکستان کو مستحکم اور محفوظ بنانا ہے۔ صدر آصف زرداری نے پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے تاکہ اس کے بارے میں منفی پراپیگنڈے اور تاثر کوختم کیا جائے۔ صدر نے یقین ظاہر کیا کہ انگلش نیوز چینل کے آغاز سے پاکستان کو اپنے مقاصد حاصل کرنے میں مدد ملے گی۔ وزیر اطلاعات قمرزمان کائرہ نے کہا کہ ملک میں ذرائع ابلاغ کو بے مثال آزادی حاصل ہے اور گزشتہ پانچ سال میں کسی ایک صحافی کے خلاف بھی انتقامی کارروائی نہیں ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی ذرائع ابلاغ پاکستان کے بارے میں تعصب سے کام لے رہے ہیں اور پاکستان کے بارے میں خبروں کو توڑ مروڑ کر پیش کیا جاتا ہے۔ قبل ازیں اسلام آباد میں بے نظیر معاونت کارڈ اور سندھ میں اسلحہ لائسنسوں کی دوبارہ تصدیق کی سکیم کے افتتاح کے موقع پر صدر زرداری نے کہا کہ 5 برسوں کے دوران جمہوریت اور معیشت کے استحکام کے لئے عملی اقدامات کئے گئے ہیں۔ بے نظیر نے معاشرے کے غریب طبقہ کی بہتری کیلئے کام کیا۔ انہوں نے اسلحہ لائسنسوں کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے ملک میں باآسانی غیر قانونی ہتھیار پکڑ سکتے ہیں۔