خیبر ایجنسی میں لڑائی جاری ‘ مزید 7 جاں بحق ‘ فورسز کی بمباری ‘10 شدت پسند مارے گئے
پشاور (نوائے وقت نیوز+ آئی این پی) خیبر ایجنسی کے علاقے وادی تیراہ میں شدت پسندوں کے درمیان جھڑپ میں مزےد 7 افراد مارے گئے۔ پانچ روز سے جاری لڑائی میں مرنیوالوں کی تعداد 86 ہوگئی جبکہ خیبر ایجنسی میں فورسز کی بمباری سے مزید 10شدت پسند مارے گئے۔ پشاور میں بم دھماکے سے ایک شخص جاں بحق 9زخمی ہو گئے۔ کالعدم انصار الاسلام اور تحریک طالبان ایک دوسرے کے خلاف بھاری ہتھیاروں کا استعمال کررہے ہیں۔ کالعدم تحریک طالبان پاکستان خیبرایجنسی کے علاقوں وادی تیراہ ، میدان، باڑہ اور جمرود پر قبضہ کرنا چاہتی ہے جسے انصار الاسلام کی جانب سے سخت مزاحمت کا سامنا ہے۔ خیبر ایجنسی میں جمرود کے علاقے دوبایوئے میں جیٹ طیاروں کی بمباری سے 10شدت پسند جاں بحق متعدد زخمی ہوگئے۔ کئی ٹھکانے تباہ ہو گئے۔ پشاور کے علاقے اچنیی میرہ کے قریب بارودی مواد دھماکے سے پھٹ گیا جس سے ایک شخص جاں بحق ہو گیا۔