مسلم لیگ ن ‘ جے یو آئی ف کا ہم خیال جماعتوں سے رابطوں ‘ انتخابی اتحاد پر اتفاق
اسلام آباد + کراچی (آن لائن + این این آئی) پاکستان مسلم لیگ (ن) اور جے یو آئی (ف) کے درمیان انتخابی اتحاد پر اتفاق رائے ہو گیا۔ جے یو آئی کے سیکرٹری جنرل مولانا عبدالغفور حیدری نے نجی ٹی وی سے گفتگو میں کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے جے یو آئی (ف) کو انتخابی اتحاد کی پیشکش کی ہے جس پر جے یو آئی نے اجلاس منعقد کر کے مسلم لیگ (ن) کے ساتھ اتحاد کا اصولی فیصلہ کر لیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) کے ساتھ پنچاب، خیبر پی کے اور بلوچستان میں انتخابی اتحاد کا امکان ہے۔ علاوہ ازیں مسلم لیگ (ن) اور جمعیت علمائے اسلام (ف)کراچی میں ملکر الیکشن لڑیں گی۔ ہم خیال جماعتوں سے رابطوں اور ملاقاتوں کے سلسلہ کو وسعت دینے پر متفق۔ اس بات کا فیصلہ بدھ کو جامعہ عثمانیہ شیرشاہ میں مسلم لیگ (ن) کے سلیم ضیائ، عرفان اللہ مروت پر مشتمل دو رکنی وفد کی جمعیت علمائے اسلام کراچی کے امیر قاری محمد عثمان سے ملاقات میں ہوا۔ دونوں جماعتوں کے رہنماو¿ں نے آئندہ انتخابات میں مشاورت سے مشترکہ امیدوار لانے پر اتفاق کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ کراچی کے مظالم سے نڈھال عوام کو مایوس نہیں کریں گے اور عوامی امنگوں کے مطابق کراچی شہر کو ایک بار پھر امن و محبت بھائی چارے اور اخوت کا شہر بنانے میں اپنا کردار ادا کریں گے۔