• news

میٹرو بس کا افتتاح 10 فروری کو ہو گا‘ منصوبہ عام آدمی کے لئے بنایا : شہباز شریف

لاہور (ثناءنیوز + خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ شہباز شریف نے کہا ہے کہ ٹرانسپورٹ کی تاریخ کے عظیم الشان منصوبے میٹرو بس پراجیکٹ کو مشن سمجھ کر مکمل کیا جا رہا ہے اور انشاءاللہ 10 فروری کو اس شاندار عوامی مفاد عامہ کے منصوبے کا افتتاح کردیا جائے گا۔ پنجاب حکومت نے یہ سٹیٹ آف دی آرٹ منصوبہ عام آدمی کیلئے بنایا ہے۔ میٹرو بسیں 4 ہفتے تک عوام کیلئے مفت چلائی جائیں گی اور میٹروبس کا کرایہ عام آدمی کی پہنچ میں رکھا جائے گا۔وہ ماڈل ٹاﺅن میں میٹرو بس پراجیکٹ کی افتتاحی تقریب کے انتظامات کا جائزہ لینے کے سلسلے میں اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ شہباز شریف نے کہا کہ میٹرو بس سروس کے افتتاح کا دن پاکستان کی تاریخ کا ایک اہم ترین دن ہوگا۔ میٹرو بس پراجیکٹ ٹرانسپورٹ کی تاریخ کا اہم سنگ میل ہے۔ نیا پاکستان تعمیر کرنے کی طرف حقیقی قدم اٹھایا ہے۔ یہ عظیم الشان منصوبہ 11 ماہ کی قلیل مدت میں پایہ تکمیل کو پہنچ رہاہے۔ پنجاب حکومت زندگی کی بنیادی سہولتوں کی فراہمی کیلئے اقدامات کرکے عوام کو ان کا حق لوٹا رہی ہے۔ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے صوبے میں اربوں روپے کے ترقیاتی منصوبے بڑی تیزی سے مکمل کئے ہیں۔ میٹرو بس سروس بھی خدمت خلق کا ایک اعلیٰ نمونہ ہے۔ یہ پراجیکٹ صرف لاہورہی کا نہیں بلکہ یہ پاکستان کا منصوبہ ہے۔ برطانوی سکیورٹی ڈیپارٹمنٹ کے ڈی جی سے گفتگو میں شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کو دہشت گردی جیسے سنگین چیلنج کا سامنا ہے۔ اس چیلنج سے اجتماعی حکمت عملی اپنا کر نمٹا جا سکتا ہے۔ انسداد دہشت گردی کی صلاحیت میں اضافے کیلئے برطانیہ کے ساتھ تعاون بڑھانا چاہتے ہیں۔ دہشت گردی سے نمٹنے کیلئے پنجاب پولیس کی استعداد کار میں اضافہ کیا جا رہا ہے۔ ترکی کے تعاون سے پولیس افسروں کوانسداد دہشتگردی کے اقدامات کے حوالے سے خصوصی تربیت فراہم کی جا رہی ہے۔ ترک بزنس مین مسٹر درسن کی قیادت میں ملاقات کرنیوالے وفد سے گفتگو میں شہباز شریف نے کہا ہے کہ پنجاب میں لائیوسٹاک کے فروغ اور اس شعبے میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ صوبائی حکومت نے سرمایہ کاری کیلئے سازگار ماحول فراہم کیا ہے۔ غیر ملکی سرمایہ کاروں کو پنجاب میں اپنے منصوبے شروع کرنے کیلئے تمام ممکنہ سہولیات اور مراعات مہیا کی جا رہی ہیں۔ ترک سرمایہ کار پنجاب میں لائیوسٹاک اوردیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھائیں۔ ملاقات میں لائیو سٹاک کے شعبے میں تعاون اور حلال گوشت کی ایکسپورٹ کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔علاوہ ازیں بلوچستان سے تعلق رکھنے والے مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنماﺅںسردار یعقوب خان ناصر اور سردار ثناءاللہ زہری نے شہبازشریف سے ملاقات کی، جس میں ملک کی سیاسی صورتحال اور بلوچستان کے سیاسی امور پر تبادلہ خیال کیاگیا۔ شہبازشریف نے کہاکہ بلوچستان کے مسئلے کے حل کے لئے بلوچ بھائیوں کو اعتماد میں لینا ہوگا اور تمام سٹیک ہولڈرز کو باہمی مشاورت سے بلوچستان کے مسئلے کا حل ڈھونڈنے کی ضرورت ہے۔

ای پیپر-دی نیشن