• news

ملالہ کی10روز تک مزید سرجری ہو گی ‘کوشش کرینگے یادداشت متاثر نہ ہو: برطانوی ڈاکٹرز

لندن (بی بی سی) رائٹرز) برطانوی ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ طالبان کے قاتلانہ حملے کا نشانہ بننے کے بعد برطانیہ میں زیرعلاج طالبہ ملالہ یوسف زئی کو مزید سرجری کی ضرورت ہے۔ برمنگھم کے کوئین الزبتھ ہسپتال کے انچارج ڈاکٹر ڈیو روزر نے بدھ کو ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ ملالہ کی کرینئیل سرجری جلد کی جائے گی۔ انہوں نے کہاکہ اگرچہ گردن سے گولی نکالنے کے لئے آپریشن کیا گیا تھا تاہم اب بھی ملالہ کو مزید سرجری کی ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس سرجری میں کوشش کی جائے گی کہ ملالہ کی یادداشت متاثر نہ ہو۔ ملالہ کی صحت کے بارے میں ڈاکٹر ڈیو روزر نے کہا کہ ملالہ کی صحت میں بہتری آ رہی ہے اور اس سرجری کے بعد ان کے مکمل صحت یاب ہونے میں پندرہ سے اٹھارہ ماہ لگ سکتے ہیں۔ رائٹرز کے مطابق ڈاکٹروں نے کہا کہ نئی سرجری کیلئے ملالہ آئندہ دس روز تک دوبارہ ہسپتال داخل ہوں گی۔ نئی سرجری میں ان کے سر کے اڑے ہوئے حصے کی ٹائٹنیم کرینو پلاسٹی کی جائے گی۔ اس کے علاوہ ملالہ کے بائیں کان کی قوت سماعت بحال کرنے کیلئے کوکلیئر بھی لگایا جائے گا۔ ان کی کھوپڑی کا آپریشن ڈاکٹروں اور نرسوں کی 10رکنی ٹیم کرے گی۔

ای پیپر-دی نیشن