• news

چیئرمین نیب نے نیا کام نہیں کیا، چیف الیکشن کمشنر بھی صدر کو خط لکھ چکے : کائرہ

اسلام آباد (آئی این پی + اے پی اے + ثناءنیوز) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ چیئرمین نیب نے اپنے ادارے کے بارے میں صدر کو کوئی پہلا خط نہیں لکھا اس سے قبل چیف الیکشن کمشنر بھی صدر کو اپنے تحفظات سے آگاہ کرنے کیلئے خط لکھ چکے ہیں۔ حکومت احتساب بل لانا چاہتی ہے مگر مسلم لیگ ن اس میں رکاوٹ ہے۔ موجودہ اسمبلیوں نے تاریخی اور ریکارڈ قانون سازی کی جسے تادیر یاد رکھا جائے گا۔ آئینی مدت پوری کرنا ایک کارنامہ ہے، میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن اپنے فیصلے منوانا چاہتی ہے جو نہیں ہو سکتا، جمہوریت میں اکثریت کے فیصلوں کو تسلیم کیا جاتا ہے، پارلیمٹ میں تمام اتحادی اور اپوزیشن کی پارٹیاں موجود ہیں، موجود ہ اسمبلیاں صدر زرداری کی سیاسی بصیرت کی وجہ سے مدت پوری رہی ہیں، جو لوگ یہ سمجھتے ہیں کہ موجودہ اسمبلیاں اپوزیشن کی وجہ سے اپنی مدت پوری رہی ہیں انہیں بتا دینا چاہتا ہوں کہ ایسا بالکل غلط ہے، جمہوریت اور پارلیمنٹ کے استحکام میں تمام سیاسی جماعتوں کا کردار ہے، نگران حکومت کیلئے مشاورت کا آغاز کردیا ہے، توقع ہے 10روز میں مشاورت کا عمل مکمل کرلیا جائیگا۔ جمہوریت اور پارلیمنٹ کے استحکام میں موجودہ اسمبلیوں نے کلیدی کردار ادا کیا، موجودہ پارلیمنٹ پر عوام کا بھر پور اعتماد رہا ہے، ہم خوش ہیں کہ پہلی مرتبہ اسمبلیاں اپنی مدت پوری کرنے جارہی ہیں۔ دریں اثنا سعودی سفارتخانہ میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کائرہ نے کہا کہ سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان حکومتی اور عوامی سطح پر مضبوط رشتہ پایا جاتا ہے۔ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات تاریخی ہیں، پاکستان میں آنے والی آفات پر جس طرح سعودی عرب نے مدد کی اس کو کبھی بھلایا نہیں جا سکتا۔ پاکستان کی سلامتی اور استحکام میں سعودی عرب نے ہمیشہ تعاون کیا ہے۔ اسلامی دنیا میں سعودی عرب کو نمایاں مقام حاصل ہے۔ دنیا میں قیام امن کے حوالے سے اسے خصوصی اہمیت حاصل ہے۔ خادم الحرمین شریفین کا شکریہ ادا کرتا ہوں جس طرح انہوں نے پاکستان میں آنے والی قدرتی آفات کے وقت عوام اور حکومت کی مدد کی یہ اس بات کو ثابت کرتا ہے کہ سعودی پاکستان کے اچھے اور برے وقت کا ساتھی ہے۔ پاکستان کے عوام زلزلے اور سیلاب کے وقت کو ہمیشہ یاد رکھیں گے اور سعودیہ کی حکومت اور عوام کی مدد کی پوری پاکستانی قوم قدر کرتی ہے۔ سعودی عرب کا قدرتی آفات میں فراخدلانہ امداد پرشکریہ ادا کرتے ہیں۔ سعودی عرب ضرورت کے وقت ہمیشہ پاکستان کے شانہ بشانہ رہا ہے۔ پاکستان سعودی عرب کے دفاعی اور معاشی تعاون کوقدر کی نگاہ سے دیکھتاہے۔پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات مزید فروغ کی طرف گامزن ہیں۔قمر زمان کائرہ نے خاص طور پر صوبہ خیبر پی کے اور آزاد کشمیر میں صحت اور تعلیم کے شعبے کی بحالی کے علاوہ بالاکوٹ، باغ اور مظفرآباد میں زلزلے کے متاثرین اور بچ جانے والوں کے لئے آٹھ ہزار گھروں کی تعمیر پرسعودی عرب کا شکریہ ادا کیا.وفد کے نائب سربراہ جاسم خالد نے کہا کہ سعودی عرب کی امداد کا خاص اور منفرد پہلو سعودی قیادت کی سرپرستی میں پاکستان کی آبادی کے لئے مدد کا پروگرام ہے۔

ای پیپر-دی نیشن