سیکورٹی خدشات کے باوجود انٹرنیشنل کھلاڑی پاکستان سپر لیگ میں شرکت کرینگے : ہارون لورگاٹ
لندن (اے پی پی) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے سابق چیف ایگزیکٹو اور پاکستان سپر ٹی ٹونٹی لیگ کے ٹاپ ایڈوائزر ہارون لورگاٹ نے کہا ہے کہ سیکورٹی خدشات کے باوجود دنیائے کرکٹ کے نامور کھلاڑی پاکستان سپر لیگ میں ایکشن میں دکھائی دیں گے۔ کھلاڑیوں کے پاس دو ہفتوں میں ایک لاکھ امریکی ڈالر کمانے کا سنہری موقع ہو گا۔ پاکستان سپر لیگ 26 مارچ سے 7 اپریل تک شیڈول ہے۔ لیگ کے انعقاد کا مقصد ملک میں بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی ہے تاکہ غیر ملکی ٹیموں کو یہ پیغام دیا جا سکے کہ پاکستان کھیلوں کےلئے محفوظ ملک ہے۔ چند نامور کھلاڑیوں نے پاکستان سپر لیگ کےلئے معاہدہ بھی کر لیا ہے لیکن وہ ابھی نام نہیں بتا سکتے، پاکستان سپر لیگ لاہور میں منعقد ہو گی جو کہ محفوظ جگہ ہے اور انہیں پورا یقین ہے کہ یہاں پر کھلاڑیوں کو کسی قسم کا خطرہ نہیں ہو گا۔ وہ خود بھی حالیہ دنوں میں پاکستان میں رہ کر آئے ہیں اور یہاں پر بہت لطف اندوز ہوئے اس لئے کھلاڑیوں کو چاہئے کہ وہ بھرپور انداز میں شرکت کر کے لیگ کو کامیاب بنائیں۔